ہند ، جاپان کے مابین15معاہدوں پر دستخط
گاندھی نگر۔۔۔۔ہندوستان اور جاپان نے خصوصی اسٹراٹیجک اور عالمی شراکت کو مزید وسعت دینے کیلئے افواج کے درمیان تبادلے ، دفاعی تکنیک اور پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور دہشتگردی کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپان کے وزیر اعظم شنز وایبے نے یہ فیصلے 12ویں ہند جاپان اعلیٰ سطحی کانفرنس میں کئے ۔ دونوں ملکوں نے سرمایہ کاری میں توسیع اور باہمی رابطے بڑھانے کے سلسلے میں 15اہم معاہدوں پر دستخط کئے۔ دونوں رہنماؤں نے وفد کی سطح کے اجلاس میں اسٹراٹیجک اور عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر غور و خوض کیااور دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس کے نیو کلیائی اور میزائل پروگرام کی مذمت کی۔ ہندوستان میں جاپانی زبان میں تعلیم فراہم کرنے ، ڈیزاسٹر رسک کم کرنے، انڈیا پوسٹ اور جاپان پوسٹ کے درمیان اشیائے خوردونوش کوایک دوسرے کے یہاں پہنچانے کیلئے کول ای ایم ایس سروس شروع کرنے کا معاہدہ کیا گیا۔اس کے علاوہ ہند جاپان سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے روڈ میپ تیار کرنے، گجرات کے منڈل بیچ راج کھوراج علاقے میں انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ تیار کرنے ، ہندوستان میں جاپانی ایئرلائنز کی لامحدود پروازوں کو اجازت دینے کے معاہدے ، بایو ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اور مشترکہ تحقیقی معاہدے بھی کئے گئے۔