زبان تقسیم نہیں ملک کو ایک دھاگے میں پروتی ہے، صدر جمہوریہ
نئی دہلی۔۔۔۔اس دلیل کے ساتھ کہ ملک کا وجود ہندی پر ہے ، صدر رام ناتھ کووند نے کہا کہ مذہب بھلے ہی تقسیم کرتا ہو مگر زبان ملک کو ایک دھاگے میں پروتی ہے۔ کووند نے ’’ہندی دیوس‘‘کے موقع پر وگیان بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندی پر ہمارا وجود منحصر ہے۔ مذہب تقسیم کرسکتا ہے مگر زبانیں ہمیشہ جوڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زبان سے جو قربت آتی ہے وہ کسی دیگر چیز سے نہیں آتی ۔ اس پروگرام کی صدارت وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کی۔ امور داخلہ کے وزیر مملکت گنگا رام اہیر اور کرن رجیجو بھی تقریب میں شریک تھے۔ صدر نے کہا کہ ملک کا وجودہند ی پر ہے۔ اپنی بات کی تشریح شاعر مشرق علامہ اقبال کی مشہور نظم سارے جہاں سے اچھا کے آخری مصرع کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندی ہیں ہم ‘‘اسے اتنا ہی رہنے دیجئے۔ انہوں نے پورا مصرع پڑھتے ہوئے کہا کہ اس میں وطن بعد میں آتا ہے ، بعد ازاں انہوں نے پورامصرع پڑھا’’ہندی ہیں، ہم وطن ہے ہندوستاں ہمارا‘‘۔صدر رام ناتھ کووند نے کہا کہ ہندی ملک کی ہمہ جہت ثقافت کو ظاہر کرتی ہے، اس کے فروغ کیلئے ہندی بولنے والوں کے ساتھ غیر ہندی افراد کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔