کرکٹر عبدالرزاق افغانستان سے لاہور واپس
لاہور : پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق افغان شاپگیزہ کرکٹ لیگ چھوڑ کر لاہور واپس پہنچ گئے۔کابل کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خودکش حملے سے افغان شاپگیزہ کرکٹ لیگ پر چھائی غیریقینی بڑھنا شروع ہوگئی۔ آل راونڈر افغان شاپگیزہ کرکٹ لیگ میں شرکت کیلئے کابل گئے تھے تاہم وہاں بم دھماکے کے بعد انہوں نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔ عبدالرزاق دھماکے کے وقت اپنا میچ ختم کرکے ہوٹل میں موجود تھے، انہوں نے فوری طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کیا تاہم منتظمین کی درخواست پر مزید ایک میچ میں شرکت کی تھی جبکہ انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے بیشتر کرکٹرز بھی واپس جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ 13 ستمبر کو کابل میں ہونے والے ایونٹ میں میچ کے دوران خود کش حملہ آور نے اسٹیڈیم میں گھسنے کی کوشش کی تھی اور پولیس کی جانب سے روکنے پر اس نے خود کو دھماکے سے ا ڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ5 افراد زخمی ہو گئے تھے۔