Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بال رنگیں مگر احتیاط سے

بالوں کو رنگنے کا رواج دور قدیم سے چلا آرہا ہے۔ موجودہ دور میں کالی مہندی اور خضاب کی جگہ مختلف ہیئر کلرز نے لے لی ہے۔ مہندی سے بال رنگنا انتہا ئی بے ضرر اور سائیڈ افیکٹس سے پاک طریقہ تھا لیکن مصنوعی ہیئر کلرز چونکہ بہت سے کیمیکلز کی باہمی آمیزش سے تیار ہوتے ہیں لہٰذا ان سے جلد کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہیئر کلر استعمال کرتے وقت احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔
 
استعمال سے پہلے جان لیں کہ یہ آپ کی جلد کے لئے نقصان دہ تو نہیں۔اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ تھوڑا سا کلر اپنے ہاتھ کی جلد پر لگائیں، 20 منٹ بعد دھو کر دیکھیں کہ آپ کی اسکن پر سرخ دھبے تو نہیں پڑ گئے ۔ اگر آپ کو الرجی محسوس ہو تو وہ کلر استعمال نہ کریں۔
 
اپنے بالوں کے رنگ کی مناسبت سے ہیئر کلر کا انتخاب کریں۔ بالوں کے عام طور پر دو قدرتی رنگ ہوتے ہیں۔ سیاہ اور بھورا، باقی تمام رنگ انہی سے نکلے ہیں ۔ ان دو رنگوں کی مناسبت سے بہت سے شیڈز کے ہیئر کلرز بازار میں دستیاب ہیں۔ بال رنگنے سے پہلے آپ کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ آپ کے بالوں کا اصل رنگ کیا ہے۔ پھر اسی کی مناسبت سے ہیئر کلر کا انتخاب کریں تاکہ آپ کے بالوں کا رنگ قدرتی دکھائی دے۔
 
بالوں کو رنگنے کے دوران ہاتھوں ، کان اور گردن پر اس کے نشانات رہ جاتے ہیں۔ اس سے بچنے کے لئے ہاتھوں پر ، کانوں کے اطراف اور گردن پر کولڈ کریم لگا لیں ۔اس سے آپ کی جلد نشانات سے محفوظ رہے گی ۔
 
پیسٹ بنانے کے بعد اسے لگانے میں تاخیر نہ کریں ورنہ اس سے کی تاثیر بدلنے لگتی ہے۔ آمیزہ تیار کر کے فورا لگا نا شروع کر دیں اور لگاتے وقت درمیان میں وقفہ نہ کریں۔ بالوں کو رنگنے کے بعد 8-7 مرتبہ نیم گرم پانی سے دھوئیں۔ ہیئر کلر کو کبھی بھی پلکوں اور بھوؤں پر استعمال نہ کریں۔ اگر آپ کی پلکیں اور بھویں سفید ہو رہی ہیں تو اسے کاسمیٹکس کے استعمال سے چھپانے کی کوشش کریں ۔
 

شیئر: