سکھر... قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کمر درد کا بہانہ بنا کر بھاگ گئے۔ دبئی جاکر ڈانس کرتے ہیں اگر وہ آصف زرداری کی طرح جیل کاٹیں تو پتہ چل جائے گا کہ کون شیر اورکون بکری ہے۔ سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کے حالات ابتر ہیں۔ اداروں کا ٹکرا بھی جاری ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ کسی ادارے کا پارلیمنٹ سے ٹکرا نہ ہو ۔ پارلیمنٹ کو کمزور کرنے والا پاکستان کے ساتھ سنجیدہ نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف 10 سال تک خاموش تھے۔اب تیس مار خان بن گئے ۔ بیرون ملک بیٹھ کر بیانات دے رہے ہیں، جب انہیں عدالت کا سامنا کرنا پڑا تو کمر درد کا بہانہ بنا کر بھاگ گئے تھے۔خورشید شاہ نے کہا کہ جنہیں جیل اور موت کا ڈر ہے وہ قوم اور عوام کی بات نہیں کرتے۔بیرون ملک نہیں بھاگتے اور نہ ڈرتے ہیں۔ اگر پرویز مشرف اتنے ہی شیر ہیں تو پاکستان میں رہ کر ہماری طرح حالات کا مقابلہ کریں۔ بے نظیر کی طرح ملک واپس آئیں۔ بھٹو کی طرح سیاست کریں اور آصف زرداری کی طرح جیل کاٹیں تو پتا چل جائے گا کہ کون شیر اور کون بکری ہے۔