Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی حجاج کی آخری پرواز 5 اکتوبر کو مدینہ سے روانہ ہوگی، شاہد عالم

  حج کوٹے میں اضافے کے باوجود آپریشن کامیاب رہا ، انڈین قونصل حج کی اردونیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) انڈین قونصل حج شاہد عالم کا کہنا ہے کہ حج آپریشن انتہائی کامیاب رہا ۔ حجاج کی آخری پرواز 5 اکتوبر کو مدینہ منورہ سے روانہ ہو گی ۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے زیر انتظام آنے والے حجاج کرام میں سے 75 ہزار کے قریب فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں ۔ امسال حج سیزن میں جاں بحق ہونے والے حجاج کرام کی مجموعی تعداد 194 رہی جبکہ اس عرصے میں 6 ولادتیں ہوئیں ۔ قبل اور بعداز حج جاں بحق ہونے والے تمام حجاج کو انکے لواحقین کی اجازت سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ اس وقت مدینہ منورہ میں 40 ہزار کے قریب جبکہ مکہ مکرمہ میں 8 ہزار حجاج موجود ہیں ۔ اردونیوز سے ٹیلی فون پر گفتگوکرتے ہوئے انڈین حج قونصل شاہد عالم نے مزید کہا کہ جدہ حج ٹرمنل پر آپریشن مکمل ہو چکا باقی رہنے والے تمام حجاج کرام جو قبل از حج جدہ حج ٹرمنل پر پہنچے تھے انکی روانگی مدینہ منورہ سے ہوگی ۔ جدہ سے بعدا ز حج آپریشن 21 ستمبر کو مکمل ہو گیا تھا جبکہ مدینہ منورہ سے ہندوستانی حجاج کی واپسی کا آپریشن 20 ستمبر سے شروع ہو ا جو 5 اکتوبر تک جاری رہے گا ۔ حج قونصل نے مزید کہا کہ امسال حج کوٹے میں اضافے کے باوجود تمام انتظامات مثالی رہے کسی قسم کی بڑی مشکل صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ سعودی وزارت حج اور دیگر اداروں کی جانب سے بہترین تعاون حاصل رہا ۔ حج مشن کا عملہ اور لوکل خدام الحجاج کی کارکردگی بھی مثالی رہی ۔ ہر برس کی طرح امسال بھی حجاج کرام کو 5 لیٹر والا آب زم زم کا کین ہندوستان میں فراہم کیا جارہا ہے ۔ حج مشن کی جانب سے حجاج کی سہولت کےلئے انکا سامان روانگی سے کم از کم 24 گھنٹے قبل وصول کر کے ائیر پورٹ پہنچا دیا جاتا ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ آرا م سے ائیر پورٹ پہنچ سکیں ۔ حج مشن کا عملہ تمام حجاج کا سامان ائیر پورٹ پر متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیتا ہے تاکہ حجا ج کرام کو ائیر پورٹ پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ امسال ہندوستان سے ایک لاکھ 70 ہزار عازمین ارض مقدس پہنچے جن میں سے ایک لاکھ 25 ہزار حج کمیٹی آف انڈیا جبکہ 45 ہزار پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے زیر انتظام فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے مملکت آئے تھے ۔

شیئر: