ون ڈے سیریز: ہند تیسرا میچ جیت کر عالمی نمبر ون بن گیا
نئی دہلی: افتتاحی بلے بازوں اجنکیا رہانے ،روہت شرما اور آل راونڈر ہاردک پانڈیا کی نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے آسٹریلیا کو5 وکٹوں سے ہرا کر 5ون ڈے میچوں کی سیریز 0-3کی سبقت حاصل کرتے ہوئے اپنے نام کر لی۔ اندور میں میں کھیلے گئے میچ میں294رنز کے تعاقب میں اوپنرز روہت شرما اور رہانے 135رنز کی پارٹنر شپ بناتے ہوئے ہدف تک پہنچنے کی راہ آسان کر دی۔ ٹیم انڈیا کی پہلی وکٹ 22ویں اوور میں اس وقت گری جب روہت شرما6چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے62گیندوں پر 71رنز بنا کر فاسٹ بولر کولٹر نائیل کی گیند متباد ل کھلاڑی کارٹ رائٹ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 42گیندوں پر کیریئرکی 33ویں ہاف سنچری بنائی۔ کچھ دیر بعد 24ویں اوور میں کمنز نے رہانے کو ان کے70کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ انہوں نے 7چوکے لگائے۔ 35ویں اوور میں کپتان ویراٹ کوہلی بھی28رنز بنا کر ایشٹن ایگر کی گیند پر فنچ کے کوکیچ دے بیٹھے۔ اگلے ہی اوور میں کیدار جادھو بھی رچرڈسن کی گیند پر ہینڈز کوب کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ انہوں نے صرف2رنز بنائے۔جادھو آوٹ ہوئے تو ٹیم انڈیا کا اسکور 206تھا لیکن پانڈیا نے منیش پانڈے کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنانا شروع کر دیئے۔ 5چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے72گیندوں پر78رنز بنانے کے ساتھ ساتھ منیش کے ساتھ پانچویں وکٹ کےلئے 78رنز کی پاٹنرشپ بھی کی۔ منیش پانڈے32 گیندوں پر 36رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔آسٹریلیا کی طرف سے کمنز 2وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ رچرڈسن، کولٹر نائیل اور ایگرکوایک ایک وکٹ ملی۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر سیریز میں پہلی مرتبہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افتتاحی بلے باز ایرون فنچ کی طوفانی سنچری اور کپتان اسٹیون اسمتھ کے ساتھ، جنہوں نے ہاف سنچری بنائی، دوسرے وکٹ کی شراکت میں 154 رن کی مدد سے مقررہ 50 اوورز میں 6وکٹ پر 293 رنز بنائے۔ ان فٹ ہونے کی وجہ سے پہلے 2ون ڈے میچ نہ کھیلنے والے ایرون فنچ نے زبردست واپسی کرتے ہوئے 125 گیندوں پر 124 رنز کی اننگز میں 12 چوکے اور 5چھکے لگائے۔ آسٹریلیا 38 ویں اوور میں ایک وکٹ پر 224 کے اسکور سے 300 پار کرنے کی طرف بڑھتا نظر آرہا تھا لیکن ہندوستانی بولرز نے آخری 10اوورز میں شاندار واپسی کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 293 تک محدود رکھا۔ وارنر نے 44 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز میں 4چوکے اور ایک چھکا لگا یا جبکہ کپتان اسمتھ نے 71 گیندوں پر 63 رن میں 5چوکے لگائے۔ مارکس اسٹوئنیس نے 28 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکے کے ساتھ ناقابل شکست 27 رنز بنائے۔ کلدیپ نے 75 رنز کے عوض 2وکٹیں لیں۔ بمراہ نے 52 رنز پر 2 وکٹیں لیں، چہل نے 54 رنز پر ایک وکٹ اور پانڈیا نے 58 رنز پر ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی ہند نے ون ڈے سیریز بھی 0-3کی برتری سے جیت لی اورعالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔