"شاہ عبدالعزیز قد آور شخصیت اور زبردست قوت ارادی کے مالک ہیں"، مصری صحافی
ریاض..... مصر کے متوفی صحافی محمد شفیق مصطفی نے 90 برس قبل بانی مملکت شاہ عبدالعزیز سے انٹرویو لیا تھا ، انہوں نے الجوف ، حائل، بریدہ اور عنیزہ کے سفر کے بعد حجاز سے ریاض واپس ہوتے ہوئے بانی مملکت سے انٹرویو کیا۔ مصری صحافی نے اس وقت شاہ عبدالعزیز کا خاکہ مرتسم کرتے ہوئے تحریر کیا تھا کہ وہ قد آور شخصیت ہیں ۔ بھرے ہوئے جسم کے ہیں۔ آنکھیں چمکدار ہیں ۔ چشمہ پہنتے ہیں ، زبردست قوت ارادی کے مالک ہیں ۔ چہرے سے ذہانت منعکس ہوتی ہے۔ پختہ عزم کے مالک ہیں۔ رواداری کی خوبو رکھتے ہیں۔ چلتے وقت سر نیچے کی طرف رکھتے ہیں۔ نجدی پوشاک زیب تن کئے رہتے ہیں۔ ایوان شاہی ملنے کیلئے آنے والوں کی خاطر مدارات چائے اور نجدی قہوہ سے کی جاتی ہے۔ مشک کی خوشبو سے مجلس کے حاضرین کو معطر کرنے کی روایت بھی رکھتے ہیں۔ مصری صحافی نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ شاہ عبدالعزیز سے ملاقات کیلئے آنے والے انتہائی بے تکلفی سے انہیں عبدالعزیز کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ ادنیٰ قسم کا خوف یا گھبراہٹ محسوس نہیں کرتے۔