ریاض..... سعودی نوجوانوں نے گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کیلئے آن لائن سہولت متعارف کرا دی۔ انہوں نے " Ezhalha" کے نام سے اسمارٹ ایپلیکیشن جاری کی ہے۔ اس کے توسط سے گاڑی کی جملہ ضرورتیں پوری کرائی جاسکتی ہیں۔ گاڑی کے ذمہ دار اور سروس فراہم کرنے والے کو مربوط کردیا جاتا ہے۔ ایپلیکیشن کا استعمال انتہائی آسان ہے۔ کوئی بھی شخص اس کے ذریعے مطلوبہ سروس حاصل کرنے کیلئے متعلقہ شخص کو اپنے گھر یا کسی بھی جگہ طلب کرسکتا ہے۔ کاروں کے سروس سینٹرز میں کام کرنے والے نہ صرف یہ کہ ہنرمند ہیں بلکہ ان کے پاس 12 سال سے زیادہ کا معقول تجربہ بھی ہے۔ سینٹرز میں 380 سے زیادہ سعودی کام کررہے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران 3 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ افراد کو سروس مہیا کرچکے ہیں۔ یہ ایپلیکیشن مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کی منفرد ہے۔ اس کی اہمیت یہ ہے کہ گاڑی کا ذمہ دار مطلوبہ خرابی کی مرمت کیلئے کہیں بھی اور کسی بھی وقت ہنرمند کو طلب کرسکتا ہے۔ سروس چارجز نہایت معقول ہیں۔ معذور حضرات ہنگامی اور فوری خدمات مفت حاصل کرسکتے ہیں۔ گوگل پلے اور ایپل اسٹور سے ایپلیکیشن ڈاﺅن لوڈ کی جاسکتی ہے۔