لالو اور تیجسوی کو دوبارہ سمن جاری
پٹنہ۔۔۔۔آئی آر سی ٹی سی ہوٹل گھوٹالہ معاملے میں سی بی آئی نے لالو پرساد اور ان کے بیٹے تیجسوی یادوکو نیا سمن جاری کردیا ۔اب لالو پرساد کو 3اور تیجسوی کو 4اکتوبر کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کیلئے کہا گیا ہے۔ واضح ہو کہ اس سے پہلے لالو پرساد کے وکیل نے ایک خط کے ذریعے سی بی آئی کو بتایا تھا کہ ان کے موکل انکوائری کے سلسلے میں سی بی آئی کے سامنے پیش نہیں ہوپائیں گے۔ قبل ازیں سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی اور لالو پرساد کو 7ستمبر کو سمن بھیج کر جنوبی دہلی کے لودھی روڈ علاقے میں واقع ہیڈ کوارٹر میں 11اور 12ستمبر کو پوچھ گچھ کیلئے بلایا تھا ۔ سی بی آئی نے لالو کے 2004سے 2009ء کے درمیان ریلوے کے وزیر رہتے ہوئے مبینہ بے قاعدگیوں پر 5جولائی کو لالویادو ان کی بیوی رابڑی اور تیجسوی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔