Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ میں مسجد کے باہر گداگر گرفتار، تین دن میں 14 ہزار درہم جمع کر لیے

رمضان کے آغاز سے انسداد گداگری کے لیے کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں شارجہ پولیس نے ایک گداگر کو گرفتار کرکے 14 ہزار درہم برآمد کیے ہیں، جو اس نے صرف تین دن میں جمع کیے تھے۔
امارات الیوم کے مطابق قانون نافذ کرنے والے حکام رمضان کے آغاز سے انسداد گداگری کے لیے کریک ڈاون کر رہے ہیں۔
شارجہ پولیس نے مہم کے دوران ایک عرب شہری کو گرفتار کیا جو مسجد کے قریب بھیک مانگ رہا تھا۔ 
تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ وہ غیرقانونی طور پر امارات میں مقیم تھا اور اس نے صرف تین دن میں 14 ہزار درہم کی خطیر رقم جمع کی۔
اس سے قبل دبئی پولیس نے بتایا تھا کہ رمضان کے وسط تک 127 گداگروں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے 50 ہزار درہم برآمد ہوئے۔
مہم کے دوران مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو حراست میں لیا گیا۔
امارتی پولیس نے پیشہ ور گداگروں کی ریا کاری کو عیاں کرنے کے لیے ایک آگاہی ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ گداگر کے بھیس میں ایک کارکن نے محض ایک گھنٹے میں 367 درھم جمع کر لیے۔
امارتی پولیس کی ٹیم نے گداگروں کی حیلہ سازی کو بےنقاب کرنے کے لیے ایک سماجی تجربہ کیا۔ ایک اہلکار نے گداگر کا روپ دھارا اور مسجد کے باہر نمازیوں سے بھیک مانگنا شروع کی۔
محض ایک گھنٹے میں 367 درھم جمع کیے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پیشہ ور گداگر رمضان کو کس طرح اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
دبئی میں حکام کا کہنا ہے کہ ’انسداد گداگری مہم میں سخت اور فیصلہ کن اقدامات کے باعث گداگروں کی سالانہ تعداد میں کمی آ رہی ہے۔‘
رمضان کے دوران انسداد گداگری کے لیے کارروائیوں کو تیز کرتے ہوئے ایک جامع سکیورٹی پلان بنایا گیا ہے، ان علاقوں میں گشت بڑھادیا گیا جہاں گداگروں کی موجودگی کا امکان ہے۔

دبئی پولیس نے رمضان کے وسط تک 127 گداگروں کو گرفتار کیا تھا۔ (فوٹو: امارات الیوم)

یاد رہے امارات میں گداگری ایک جرم ہے، پانچ ہزار جرمانہ اور تین ماہ تک قید کی سزا ہے۔
گداگروں کو منظم کرنے یا امارات سے باہر بھرتی میں ملوث افراد کو چھ ماہ قید اور ایک لاکھ درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
علاوہ ازیں اجازت نامے کے بغیر فنڈ جمع کرنے پر پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

شیئر: