اسلام آباد..ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہاہے کہ پاکستان کا نیوکلیئر پرواگرام مضبوط اور محفوظ ہے۔ کبھی کوئی ایٹمی حادثہ نہیں ہو۔پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ بھی نیوکلیئرسیفٹی پر کام کررہا ہے۔پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا ذکر کیا گیا۔ برطانوی وزیراعظم نے بھی پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کشمیر میں انسانی حقوق، لائن آف کنٹرول پرسیز فائر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ پاکستان نے ان تمام مسائل کو اقوام متحدہ میں پر زور طریقے سے اٹھایا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان میں داعش کا وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پورے خطے کیلئے گیم چینجر ہے تاہم سعودی عرب کی شمولیت کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ دوست ممالک کی منصوبے میں شمولیت کے حوالے سے پاک و چین مل کر فیصلہ کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں ہند کی جانب سے تعمیر نو اور ترقی کے منصوبوں کو عدم استحکام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ ہند کا کردار تخریبی ہے، اس لئے پاکستان نے افغانستان میں نئی دہلی کے کردار کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔