جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی نے عوامی بس سروس کے نئے ترقیاتی و توسیعی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد شہر میں ٹریفک ازدحام کو کنٹرول کرتے ہوئے لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کی ملکیتی ٹرانسپورٹ کمپنی کے مطابق منصوبہ 6 مرکزی روٹس پر مشتمل ہے جس کے لیے 76 بسیں فراہم کی جائیں گی۔
مستقبل قریب میں بس نیٹ ورک میں اضافہ کیا جائے گا جس کے بعد روٹس کی تعداد 14 جبکہ بسوں کی تعداد 91 تک پہنچ جائے گی ۔
نئے روٹس پر فراہم کی جانے والی متعدد بسیں بجلی سے چلنے والی ہوں گی جو ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی مثالی ثابت ہوں گی۔
جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہر میں چلنے والی بسوں کے نمبر اور ان کے روٹس کے بارے میں معلومات جاری کی ہیں۔
شاہ فہد روڈ کے لیے بس نمبر (9) پرنس متعب سٹریٹ (بس نمبر 8 اے)، المکرونہ سٹریٹ کے لیے (9 بی)، اولڈ مکہ روڈ کے لیے (10)، اس کے علاوہ انڈسٹریل سٹی کے لیے بس نمبر (11) ہے۔
تمام راستوں کو البلد کے مرکزی سٹیشن سے منسلک کیا جائے گا تاکہ منظم و جامع ٹرانسپورٹ کا تجربہ فراہم کیا جاسکے۔
منصوبے کے تحت کمپنی مستقبل کے نیٹ ورک کو وسیع کرنے، پبلک ٹرانسپورٹ کی خدمات کی کارکردگی کو بڑھانے اور مرکزی سڑکوں پر دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی کا مزید کہنا ہے جدہ میں پبلک ٹرانسپورٹ کا پروگرام شہر کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اسے دنیا کے کچھ معروف شہروں میں رائج ٹرانسپورٹ پروگرام کی طرز پر مرتب کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد شہر میں جامع و مربوط پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
منصوبے کا حجم اس حوالے سے درپیش چیلنجز اور مختصر ٹائم لائن کی وجہ سے اسے عالمی سطح پر منفرد قرار دیا جارہا ہے۔
جدہ میں عوامی ٹرانسپورٹیشن پروگرام 4 میٹرو لائنوں گرین، بلو، اورنج اور ریڈ پر مشتمل ہے۔
3 لائٹ ریل لائنیں صاری، فلسطین، تحلیہ کی سڑکوں کے لیے اور ایک ٹرام کورنیش کے لیے، تیز رفتار بسوں کے لیے 2 لین (یا ایکسپریس بسیں) شاہراہ حرا اور کنگ فہد سٹریٹ (سڑک کے دائیں جانب ایک علیحدہ لین میں)، 4 مین لائنز اور مین بس کوریڈور، 21 فیڈر لائنز (سیکنڈری) بسیں، ایک مضافاتی ٹرین لائن (رہائشی محلوں کے اندر) کے علاوہ ساحل کے ساتھ ایک واٹر بس نیٹ ورک، پارکنگ اور سواری کے لیے 11 ترغیبی پارکنگ کی سہولیات، ابحر پر ایک معلق پل اور کثیر المقاصد تجارتی سہولت شامل ہے۔