پاکستانی اداکارہ متھیرا کی فلم”بلائنڈ لَو“ تو پاکستانی باکس آفس پر کچھ زیادہ کامیاب نہ ہوسکی، تاہم وہ ایک ایسے پراجیکٹ کے ساتھ واپس آئی ہیں، جو یقینی طور پر پاکستانی ٹی وی اسکرینز کے لئے نیا ہے۔متھیرا کو مافوق الفطرت کرداروں پر مشتمل سیریل”ناگن“ میں دیکھا جاسکتا ہے، جسے پاکستان کا”گیمز آف تھرونز“ کہا جاسکتا ہے۔متھیرا نے اس پراجیکٹ کے حوالے سے بتایا کہ یہ شو بہت ہی مختلف ہے، جو مافوق الفطرت کرداروں کے ساتھ سیاست اور اقتدار کی جنگ پر مبنی ہے۔میں اس میں مستانی کا کردار کر رہی ہوں، جو خود کو بے وقوف ظاہر کرتی ہے لیکن اصل میں بہت چالاک ہے، اسے ڈرامہ پسند ہے، وہ غلبہ اور اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔کہانی کی مزید تفصیل بتاتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ دنیا پر ناگنوں اور نیولوں کا قبضہ ہوتا ہے، جو اقتدار کی جنگ لڑتے ہیں،میں ایک نیولا ہوں گی۔”ناگن“ کی ہدایات شاہ بلال دے رہے ہیں جبکہ اسے افتخار احمد عثمانی نے تحریر کیا ہے۔متھیرا کے ساتھ ساتھ اس میں کاشف محمود، جاناں ملک، حارب فاروق، ضیاء خان اور فضہ علی بھی شامل ہیں۔اداکارہ کے مطابق یہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ایک بالکل نیا سیریل ہے، اس میں ناگن، چڑیلوں اور دیگر مافوق الفطرت چیزوں کے درمیان سخت جنگ دکھائی گئی ہے، اس میں لالچ، طاقت، خوبصورتی، محبت، غرض ہر چیز شامل ہے۔