انگلینڈ نے چوتھا ون ڈے اور سیریز جیت لی
لندن: ویسٹ انڈین بیٹسمین ایون لیوس کی 176 رنز کی یادگار اننگز پربارش نے پانی پھیر دیا اور انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو بارش سے متاثرہ چوتھے ون ڈے میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں0-3کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کر لی۔ زخمی ہوکر ممکنہ ڈبل سنچری سے محروم ہو جانے والے ایون لوئس کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ اوول میں کھیلے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں اس وقت درست ثابت ہوا جب 33 رنز پر 3ویسٹ انڈین بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ ایون لیوس نے پہلے جیسن محمد کے ساتھ 117 رنز کی شراکت قائم کی اور پھر کپتان جیسن ہولڈر کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کیلئے بھی 168 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔جارح مزاج بلے باز نے 7 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 130گیندوں پر 176 رنز کی یادگار اور ریکارڈ ساز اننگز کھیلی ٹخنے پر گیند لگنے کے سبب وہ ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ کپتان جیسن ہولڈر 62 گیندوں پر 4چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ لیوس اور ہولڈر دونوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 5وکٹ کے نقصان پر 356 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔جواب میں انگلش اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 17.4 اوورز میں 126 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس موقع پر الزاری جوزف نے شاندار اسپیل کراتے ہوئے انگلینڈ کو کاری ضرب لگائی جس کے سبب 181 رنز پر اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی ۔جیسن رائے 84، جونی بیئراسٹو39، جو روٹ 14، این مورگن 19 اور سیم بلنگز 2رنز بنانے کے بعد الزاری جوزف کاشکاربنے۔ انگلینڈ کی گرنے والی تمام وکٹیں ان کے حصے میں آئیں۔ اس مرحلے پر گزشتہ میچ کے ہیرو معین علی نے موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جوز بٹلر کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ شروع کی۔دونوں نے 8اوورز میں 77 رنز بناکر ٹیم کے اسکور کو 258 تک پہنچایا تھا کہ توقع کے مطابق بارش شروع ہو گئی ۔ با رش کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔امپائرز نے صورتحال دیکھتے ہوئے کھیل کے اختتام کے ساتھ انگلینڈکو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 6 رنز سے فاتح قرار دےدیا۔ معین علی 25گیندوں پر2چھکوں اور6چوکوں کی مدد سے 48رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے ، ان کے ساتھی جوز بٹلر نے35گیندوں پر43رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے ۔الزاری جوزف نے56رنز دے کر5وکٹیں لیں۔اس طرح انگلینڈ نے 5میچوں کی سیریز کے 4میں سے 3میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرلی ۔ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا اور ایک میچ ابھی باقی ہے۔