ریاض..... جنرل پراسیکیوشن کے ادارے کی جانب سے خواتین کی ڈرائیونگ کی حمایت کرنے والوں کو دھمکیاں دینے والے کو فوری گرفتار کر نے کے احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں ۔ سبق نیوز کے مطابق ملزم نے ان افرادکو گمراہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے تمام افراد کو قتل کردینا جائزہے جو خواتین کی ڈرائیونگ کے فیصلے کی حمایت کر تے ہیں ۔ جنرل پراسیکیوشن کے ادارے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ معاشرے میں امن عامہ برقرار رکھنے اور ہر ایک کو انکا حق فراہم کرنے کے حوالے سے ادارہ بہترین انداز میں کام کرتا ہے ۔ ہر ایسے شخص کو جو معاشرے کو نقصان پہنچانے کے درپے ہو اسے سزا دلوانا بھی ادارے کے فرائض میں شامل ہے ۔ادارے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے تمام افراد کے خلاف ادارہ معلومات مہیا کر تا ہے جو معاشرے کا امن عامہ تہہ و بالا کرنے کے لئے کام کرتے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے کے پاس امن عامہ کے خلاف کام کرنے والوں کی شناخت اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے تمام تر وسائل موجود ہیں ۔ ادارہ قومی امن و سلامتی کے خلاف کام کرنے اور معصوم افراد کو ظلم وستم کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتا ہے اور کسی فرد یا جماعت کو اس بات کی قطعی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ قومی معاملات اپنے ہاتھوں میں لے کر اپنی مرضی کے مطابق چلائے ۔ قومی ادارے اپنا کام کرتے ہیں اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ ملکی معاملات میں مداخلت کریں ۔