مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، پیوش گوئل
ممبئی ۔۔۔۔ریلوے انتظامیہ پر شکنجہ کستے ہوئے وزیر ریلوے پیوش گوئل نے گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن کے فٹ اووَر برج پر ہونیوالی بھگدڑ کے مدنظر اعلیٰ افسران کی میٹنگ میں واضح کیا کہ مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔واضح ہو کہ حادثے میں مزید ایک زخمی کی موت کے بعد مرنیوالوں کی تعداد23ہوگئی۔وزیر ریلوے نے ریلوے نیٹ ورک پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ پلیٹ فارم پر حفاظتی اقدامات اور فٹ اوور برج کوکشادہ کرنے کی ہدایت کی۔پیوش گوئل نے کہا کہ ممبئی کے مصروف ترین اور بھیڑ بھاڑ والے اسٹیشنوں پر برقی زینے نصب کئے جائیں گے۔ ملک کے 40یارڈ میں سے 8کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔اس کیلئے ایک ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ممبئی کے مضافاتی اسٹیشنوں پر 15ماہ کے اندر سی سی ٹی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ گوئل نے کہا کہ ممبئی کے تمام 135مضافاتی اسٹیشنوں کی نگرانی اور بہتر سہولت فراہم کرنے کیلئے کئی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے کو ہدایت کی گئی ہے کہ انتظامیہ حکومت مہاراشٹر ، میونسپل کارپوریشن ، ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سڈ کو وغیرہ کے درمیان مشاورت سے معالات کے حل کیلئے اقدامات کرے۔