دیواروں کی آرائش، ایک اچھوتا احساس
اینٹوں اور سیمنٹ کے بنے ہوئے مکان کو اس کے مکینوں کا دَم ہی گھر کے مرتبے پر فائز کرتا ہے اور اگر گھر کے مکین اچھے جمالیاتی ذوق کے مالک ہوں، تو گھر کسی خواب نگر کا روپ دھار لیتا ہے۔بلاشبہ گھروں کی آرائش ایک فن ہے جسے کوئی باذوق انسان ہی سمجھ سکتا ہے۔ فرنیچر، پردے، قالین، ڈیکوریشن پیس اور دیواروں کی آرائش سب کے انتخاب میں بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔ گھر بنانے کے بعد جو چیز سب سے زیادہ توجہ طلب ہوتی ہے، وہ گھر کی دیواریں ہیں۔ دیواروں کی آرائش ایک اچھوتا احساس ہےجس کے لئے مختلف طریقے اختیار کئے جاتے ہیں۔ کچھ لوگ ووڈ ڈیزائنگ کرتے ہیں، کچھ مختلف مصوری کے نمونے اور دست کاریوں سے دیواروں کو دل کش بناتے ہیں اور کچھ لوگ دیدہ زیب وال پیپر کا استعمال کرتے ہیں۔
دیواروں کی آرائش کے لئے وال پیپرز کا استعمال نئی چیز نہیں۔ یہ رجحان لمبے عرصے سے چلاآرہا ہے۔ وال پیپرز میں ایک حفاظتی تہہ ہوتی ہے، جو دیوار وں کو نہ صرف نمی سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ واٹر پروف بھی بناتی ہے۔ اگر ان پر کوئی داغ یا دھبہ لگ جائے تو بھی آسانی سے صاف کیا جا سکتا ہے۔ یہ چونکہ چمک دار ہوتے ہیں، اس لیے اگر کمرے کی کسی ایک دیوار پر بھی اس کا استعمال کیا جائے، تو یہ کمرے کی خوب صورتی کو دو چند کر دیتے ہیں۔
دیوار کی خوب صورتی کے لیے آج کل ووڈ پینلنگ کا طریقہ بھی اختیار کیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے گھر کے کسی بھی کمرے کی دیوار کو بہترین طریقہ سے سجایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے گھر کے انٹیرئیر اور فرنیچر سے ملتے جلتے رنگ اور انداز کی لکڑی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
وال کلیڈنگ بھی وال پینلنگ کی ایک قسم ہے، بس فرق صرف اتنا ہے کہ وال پینلنگ میں انداز سادہ اور بردبار ہوتا ہے، جب کہ وال کلیڈنگ ایک ابھرا ہوا نقش ونگار ہے۔ دیواری آرائش کی یہ قسم باقی تمام اقسام میں سب سے زیادہ پسند کی جاتی ہے۔
مصوری کے مختلف نمونوں کے ذریعے دیواروں کی آرائش بھی ایک بہترین طریقہ ہے ۔ بہت سے لوگ خاصے باذوق ہوتے ہیں ، وہ اپنے گھر کی دیوار وں کو ہی آرٹ گیلری بنا لیتے ہیں۔ مصوری کے علاوہ خوب صورت وال ہینگنگز اور وال پیس سمیت مختلف چھوٹی بڑے فریم دیواروں کی رونق بڑھانے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں۔