کینبرا .... مقامی پولیس نے یہاں ایک ایسی خاتون کو گرفتار کرلیا ہے جس نے سماجی فراڈ کا ارتکاب کیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس نے خود کو سرطان کا مریض ظاہر کرکے عطیات جمع کئے تھے اور اسکا کہناتھا کہ بیماری سے نجات کیلئے اچھی خوراک بہت ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسکی یہ چالبازی زیادہ دنوں جاری نہیں رہ سکی اور آخر کار اسکے جھوٹ کی قلعی کھل گئی کہ وہ سرطان کی مریضہ ہے۔ اسکے سماجی فراڈ کا معاملہ عدالت تک پہنچ گیا اور پھر عدالت نے خاتون کو سرزنش کرنے کے ساتھ اس پر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ ملزمہ ”پکوان“ کی ماہر بتائی جاتی ہے او راس نے کھانے پکانے کی کئی کتابیں بھی لکھی ہیں۔ بیلی گبسن کے خلاف مزید کارروائی کا حکم دینے کے ساتھ اسکی لکھی ہوئی تمام کتابیں بازار اور ایک ویب سائٹ سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی ذرائع نے بتایا کہ دھوکہ باز خاتون پر 4لاکھ10ہزار آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔ جج کا کہناتھا کہ 25سالہ دھوکے باز خاتون نے ایسی حرکت کی ہے کہ آئندہ حقیقی مریضوں کو بھی اپنے علاج کیلئے عطیات جمع کرنے میں کافی دشواری ہوسکتی ہے۔