یوپی کے9اضلاع میں فرقہ وارانہ ہنگامہ، دکانیں نذر آتش ، متعدد زخمی
لکھنؤ۔۔۔۔۔۔یوپی کے9اضلاع میں محرم کے جلوس کے مسئلے پر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوگئی۔کانپور ، بلیا، کشی نگر اور بارہ بنکی کے تحت 9اضلاع میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔راوت پور میں محرم کے جلو س کے دوران سنگباری سے پولیس افسر سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ۔موقع پرموجود لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ مستعد ہوتی تو یہ واقعہ رونما نہ ہوتا۔ کانپور کےایک اور علاقے پرمپوروا میں جلوس مقررہ جگہ سے آگے لے جانے پرکشیدگی پیدا ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے کئی گاڑیاں آگ کی ندر ہوگئیں، لوگوں میں خو ف و ہراس پیدا ہوگیا ۔علاقے میں اضافی پولیس دستے تعینات کردیئے گئے اور مجسٹریٹ کے ذریعے تحقیقات کا حکم دیدیا گیا۔بلیا اور سکندر پور میں محرم کے جلوس کے دوران نامعلوم افراد کی سنگباری سےدونوں فرقوں میں ہنگامہ برپا ہوگیا،جلاؤگھیراؤ اور سنگباری کے دوران 3افراد شدید زخمی ہوگئے شرپسندوں نے متعدد دکانیں نذر آتش کردیں۔ پولیس نے 10افراد کو گرفتار کرکے علاقے میں دفعہ 144نافذ کردیا۔کشی نگر میں جلوس کو دوسرے راستے سے لے جانے کے معاملے پرتنازع پیدا ہوا بعد ازاں دونوں فرقوں میں سنگباری شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں کئی افرادزخمی ہوگئے۔موقع پر موجود پولیس نے لاٹھی چارج کرکے صورتحال کو کنٹرول کیا۔ ذرائع کے مطابق ان اضلاع میں حالات کشیدہ مگر کنٹرول میں ہیں۔