کچن، خاتون خانہ کی صفائی پسندی کا عکاس
کچن ہر گھر میں مرکزی حیثیت کا حامل ہوتا ہے۔ کچن صاف ہے تو اس کامطلب ہے کہ خاتون خانہ صفائی پسند ہے۔اگر آپ کچن کی ہر چیز کو مناسب جگہ پر رکھیں گی اور وقت کی بہترین تقسیم کے ساتھ ترتیب اور نظم و ضبط سے کام کریں گی تو کچن کے ساتھ ساتھ آپ کی شخصیت بھی نکھری ہوئی معلوم ہو گی۔
اوون یا چولہا صاف رکھیں۔ اگر سالن یا دودھ وغیرہ گرجائے تو فوراً صاف کریں۔ کیبنٹ میں برتن، پلیٹیں، چمچے، پتیلیاں، مقرر جگہ پر ترتیب سے رکھیں تاکہ آپ کی غیر موجودگی میں کسی کو ڈھونڈنے میں پریشانی نہ ہو۔ مسالوں کے ڈبوں کو روزانہ گیلے اور پھر سو کھے کپڑے سے صاف کریں۔ لال بیگ اور دوسرے کیڑے مکڑوں سے بچاؤ کے لئے کھانے پینے کی چیزوں کو کوکھلا نہ چھوڑیں ۔ کیبنٹ کی ہفتہ وار صفائی بھی لازمی طور پر کریں۔ ڈسٹ بن کو ڈھانک کر رکھیں۔ رات کو جھوٹے برتن یوں ہی نہ چھوڑیں۔
اگر دھونے کی ہمت نہ بھی ہو تو کم از کم ہڈیاں، چھلکے وغیرہ صاف کرکے ترتیب سے رکھیں ورنہ کچن کے کیٹروں کو آپ خود موقع دیں گی۔سنک اور اس کی نالی کو چکنانہ رہنے دیں ،ہوسکے تورات کو سونے سے قبل تیز کھولتے پانی میں چند قطرے ڈیٹول ڈال کر نالی میں بہادیں۔
کچن کے دروازوں اور دروازوں کے قبضوں سے زنگ ہٹانے کے لیے ان پر مٹی کا تیل استعمال کریں۔بوتلوں اور چائے کے کپ کے دھبے دور کرنے کے لیے سرکہ نمک ملا کر اس سے دھوئیں۔ کبھی بھی چاقو یا چھری کو پانی میں بھگو کر مت رکھیں، اس سے ان کی دھار متاثر ہوتی ہے۔
شیشے کی برتنوں میں چمک لانے کے لیے انھیں دھونے کے بعدسرکہ ملے پانی سے کھنگال لیں۔ کچن کے کیبنٹس کے دروازے اگر سخت ہوجائیں تو انھیں رواں کرنے کے لیے سرسوں کا تیل مل کر کئی بار کھولیں اور بند کریں، ایساکرنے سے دروازے آسانی سے بند ہوں گے اور کھلیں گے۔ کچن کی درازوں میں اخبار یا کاغذ بچھانے کے بجائے پلاسٹک بچھائیں کیونکہ کاغذ نیچے کیڑے مکوڑ ے پیدا ہوجاتے ہیں۔
کھڑکیوں کے شیشوں سے دھبوں کو صاف کرنے کے لیے ا ن پر اچھی طرح سرکہ رگڑیں اور کسی اونی کپڑے سے رگڑ لیں۔اگر خدانخواستہ کچن میں آگ بھڑک اٹھے تو شعلوں پر جلدی سے دودھ ڈال دیں، آگ جلدی ہی بجھ جائے گی۔
صاف ستھرا کچن جہاں آپ کے سلیقے کو ظاہر کرتا ہے وہیں آپ کی اور آپ کی فیملی کی اچھی صحت کا ضامن بھی ہے۔