شاہ سلمان کے دورے سے روس سعودی شراکت موثر ہوگی، روسی وزیرتوانائی
ماسکو- - - - - روسی وزیر توانائی الیگزینڈر نووک نے واضح کیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا روس کا دورہ تاریخی اور بے حد اہم ہے۔ اس کی بدولت دونوں ملکوں کے اقتصادی حالات اور سفارتی شراکت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوںگے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات نئے افق سر کریں گے۔ روسی صدر پوٹین اور شاہ سلمان کی ذاتی دلچسپی اپنا اثر دکھائے گی۔ وہ جمعرات کو ماسکو میں "مضبوط شراکت کی خاطر سرمایہ کاری"کے زیر عنوان پہلے سعودی روسی انویسٹمنٹ فورم کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ فورم کا اہتمام سعودی عربین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی(ساجیا) نے سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت کے اشتراک اور روسی سعودی مشترکہ کونسل کے تعاون سے کیا۔ روسی وزیر توانائی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کار کئی شعبوں میں سرمایہ لگائے ہوئے ہیں۔ اس فورم کی بدولت دونوں ملکوں میں شراکت کا معیار بلند، وسیع اور موثر ہو گا۔ باہمی تعلقات کا حجم بڑھے گا۔ صنعت ، صحت ، بنیادی ڈھانچے،زراعت، سیاحت، ٹیکنالوجی، ایٹمی توانائی اور کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے شعبوں میں تعاون ہو گا۔ تیل اور گیس کے شعبوں میں بھی دونوں تعاون کو فروغ دیں گے۔