ارجنٹائن پر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بادل
بیونس آئرس:گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم ارجنٹائن جنوبی امریکی کوالیفائنگ راونڈ میں پیرو سے میچ برابر ہوجانے کے بعد آئندہ سال ہو نے والے ورلڈ کپ سے آوٹ ہوجانے کے خطرات سے دوچار ہوگئی ہے جبکہ برازیل اور بولیویا کا میچ بھی برابری پر ختم ہوا تاہم برازیل نے پہلے ہی میگا ایونٹ میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے ۔ بیونس آئرس میں ہوم گراونڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں لائنل میسی اینڈ کمپنی نے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا اور سخت کوشش کے باوجود کوئی پیرو کے خلاف گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا جس سے میزبان ارجنٹائن کو زیادہ نقصان ہو اور1970ءکے بعد پہلی مرتبہ وہ ورلڈ کپ کے فائنل راونڈ میں شرکت سے محروم ہو سکتی ہے۔ہوم کراوڈ کے سامنے یہ کارکردگی ارجنٹائن کےلئے مزید خفت کا باعث بن گئی اور میچ کے بعد میزبان کھلاڑی بدترین مایوسی کا شکا ر نظر آئے۔ اب ارجنٹائن کے پاس صرف ایک موقع ہے اور وہ ایکواڈور کے خلاف اس کے ہوم گراونڈ پر اسے شکست دے کر میگا ایونٹ کھیلنے کی امید کرسکتی ہے ۔جنوبی امریکہ سے4ابتدائی ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں اور ارجنٹائن اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے اور اسے پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ سے پلے آف میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔دوسری جانب برازیل کی ٹیم کو بولیویا کے خلاف سطح سمندر سے تقریباً 12ہزار فٹ کی بلندی پر کھیلا جانے والا میچ برابر کھیلتے ہوئے بے حال ہو گئی اور کھلاڑیوں کو میچ کے بعدسیلنڈر کی مددسے آکسیجن لینا پڑی۔دونوں ٹیمیں کوئی گول نے کر سکیں۔ بولیویا کی ٹیم پہلے ہی باہر ہو چکی ہے تاہم برازیل کو بھی پہلے ہی ورلڈ کپ تک رسائی ملنے کی وجہ سے سوائے جسمانی مشقت کے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا۔جس اسٹیڈیم میں یہ میچ ہوا اسے ایک زمانے میں فیفا نے انٹرنیشنل مقابلوں کےلئے نامناسب قرار دے کر اس پر پابندی بھی لگا دی تھی۔