پاکستان میں طویل وقفے کے بعد صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں بادل برس پڑے۔
پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
طویل وقفے کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئیNode ID: 886078
جمعرات کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات لاہور میں 17 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ’بارشوں کا سپیل 21 فروری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔‘
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بدھ کی رات سے برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ کالام، مالم جبہ، اپر دیر، کمراٹ، گلیات، ناران اور قبائلی اضلاع میں برف پڑی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مالم جبہ میں آٹھ انچ، اپر دیر میں دو انچ اور کالام میں ایک انچ برفباری ہوئی ہے۔ برف باری کی وجہ سے موسم کی شدت میں پھر سے اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں وقفے وقفے سے مزید برف باری کا امکان ہے تاہم، میدانی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
بالائی علاقوں کے کچھ سیاحتی مقامات میں برف باری کے باعث سڑکیں بند ہیں جن میں گلیات اور اپر دیر کے علاقے شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق برف کو ہٹانے کے لیے مشینوں کی مدد لی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق سیاحتی مقامات کی ٹریفک بحال ہے تاہم، مزید بر فباری کے امکان کے پیش نظر سیاحوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
اس کے علاوہ خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں گھوٹکی، کشمور، ٹھل اور کندھ کوٹ میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
پاکستان میں رواں ہفتے متعدد علاقوں میں بارش، برف باری اور گرچ چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے منگل کو موسم کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
’شمالی اور شمال مغربی بلوچستان میں 18 سے 20 فروری تک بارش، برف باری، تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ طوفانی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔‘
این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی ایسی ہی صورت حال کی پیش گوئی کی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں 19 سے 20 فروری تک مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ بارش اور برف باری کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح 19 سے 21 فروری تک پوٹھوہار کے علاقوں مری اور گلیات سمیت بالائی اور شمال مشرقی پنجاب اور اسلام آباد میں بارش اور برف باری کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گذشتہ ماہ بتایا تھا کہ ’یکم ستمبر سے 15 جنوری تک پاکستان بھر میں معمول سے 40 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔‘
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
’سندھ میں معمول سے 52 فیصد کم، بلوچستان میں 45 فیصد کم جبکہ پنجاب میں معمول سے 42 فیصد بارشیں کم ریکارڈ کی گئی ہیں۔‘