ریاض..... سعودی عرب میں بزنس کے بے پناہ مواقع ہیں۔ دنیا بھر کی طرح پاکستانی بھی ایسے مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شیخ سعید احمد نے بزنس مین کمیونٹی کے اعزاز میں ایک ظہرانے کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی حکومت سرمایہ کاری کرنے کے بڑے اہم مواقع فراہم کرتی ہے۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد اس سے مستفید بھی ہو رہی ہے۔ دیگر ممالک کی بہ نسبت سعودی عرب بزنس کے حوالے سے آئیڈیل ملک ہے۔ عدنان اقبال بٹ کا کہنا تھا کہ یہاں چھوٹے کاروبار بھی بہت زیادہ پھلتے پھولتے ہیں۔ یہاں ہمیں کاروباری تحفظ بھی فراہم ہے۔ معروف بزنس مین فیض ابوطیب کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جہاں چلے جائیں سعودی عرب جیسی اپنائیت نہیں ملے گی۔ یہ ہمارا اسلامی برادر ملک ہے۔ راشد محمود بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی بزنس مین کمیونٹی اپنا کردار بڑے احسن طریقے سے نبھا رہی ہے جو دونوں ملکوں کے مابین بہتر تعلقات کا باعث بھی ہے۔