تقریب سے ڈاکٹر سید علی محمود ، سید خواجہ وقار الدین، ماسٹر محمد اسحاق ، قدر ت نواز بیگ کا خطاب
جدہ ( امین انصاری ) اسٹار کراٹے کلب جدہ نے غزل سنگر استاد نظام علی خان کے اعزاز میں الوداعیہ دیا ۔ اس موقع پر جدہ کی سرکردہ شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا ۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر سید علی محمود نے کی ۔اسٹار کراٹے کلب کے سربراہ ماسٹر محمد اسحاق( بلاک بیلٹ) نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے نظام علی خان سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کیا اور کہا کہ نظام علی 30 سال تک جدہ میں قیام کے بعد اپنی مرضی اور خوشی سے واپسی کا فیصلہ کرچکے ہیں جو انتہائی خوش آئند بات ہے ۔ وہ اسٹار کراٹے کلب کے چیف اڈوائزر تھے۔ وہ بہترین اسپورٹس مین ہیں ،نیشنل لیول پر نظام علی باکسنگ اور کبڈی کے چیمپیئن رہ چکے ہیں ۔
ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ سچی لگن اور تڑپ کے ساتھ جب کوئی شخص میدان عمل میں اترتا ہے تو کامیابی اس کا مقدر بن جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نظام علی نے جس فن میں طبع آزمائی کی اسکے وجود کی بلندیوں کو چھولئے ۔ تدریس میں باکمال تو باکسنگ میں لاجواب ،کبڈی میں بے مثال تو گائیکی میں بے نظیر بن کر اپنی شخصیت کا لوہا منوالیا ۔
سید خواجہ وقار الدین نے کہا کہ نظام علی خان شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے کے باوجود عجز و انکساری کاپیکر ہیں ۔انہوں نے اخلاق اور تہذیب کا دامن نہیں چھوڑا ۔یہ صفت ایک نیک دل اور اچھے انسان کی ہوتی ہے۔
مرزا قدرت نواز بیگ نے کہا کہ اپنے وقت کے بہترین باکسر اور کبڈی کے چیمپیئن ہونے کے باجود نظام علی خان نے کبھی شو آف نہیں کیا ۔ انکی گفتگو کا انداز دلوں میں جگہ کرلینے والا ہوتاہے۔
محمود مصری نے کہاکہ نظام علی خان میرے دیرینہ دوست ہیں۔ میں انہیں برسوں سے جانتا ہوں ۔یہ ایک مخلص اور ہمدرد انسان ہیں۔
ندیم عبدالباسط نے کہا کہ نظام علی خان کی وطن واپسی سے جدہ ایک بہترین سنگر سے محروم ہورہا ہے لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ وطن عزیز حیدرآباد دکن میں ایک بہترین گلوکار پہنچنے والا ہے۔
استاد نظام علی خان نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے الوداعیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی کے 30 سال دوست احباب کے درمیان کیسے گزرے پتہ نہیں چلا ۔ میں اہل جدہ اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کا فردا ًفردا ًمشکور ہوں کہ انہوں نے ہر گام پر میری رہنمائی کی اور میرے فن کو سراہا،میرے حوصلوں کو پروان چڑھایا۔ اگر ان حضرات کی سرپرستی نہ ہوتی تو شاید میرے اندر کا ٹائیلنٹ
عوام تک پہنچنے سے قاصر رہتا ۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم شریف اسلم صاحب کو یاد کیا اور کہا کہ ابتدائی زمانے میں انکا ، ڈاکٹر سید علی محمود ، یوسف الدین امجد اور بہت ساری تنظیموں کے سربراہوں کا ساتھ میری ترقی اور شہرت کا ذریعہ بنا ۔
کلب کے ماسٹر محمد حبیب( بلاک بیلٹ) نے شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور استاد نظام علی خان کو یادگار کپ اسٹار کراٹے کلب کی طرف سے پیش کیا ۔ اس موقع پر بچوں نے کراٹے کے فن کے چند داو¿ پیش کئے ۔
تقریب میں شرکت کرنے والوں میں خواجہ مظفر ، فیض لطیف ، ارشد سامی ، سید ذاکر قادری ، محمد علیم ، اسامہ عرفان خان ، عمر نذیر ، تاج قریشی اور کلب کے بلاک بیلٹ حاصل کرنے والے بچوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔