جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماء وارکان کی شرکت
ریاض (ذکاءاللہ محسن) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام ریاض میں قائد تحریک امان اللہ خان کے دیرینہ ساتھی بانی رہنما لبریشن فرنٹ ڈاکٹر فاروق حیدر کی یاد میں ایک مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلف زون کے قائم مقام صدر سردار سلیم خان آفتاب، لبریشن فرنٹ الریاض کے سابق صدر نوید اجمل، کنویئر لبریشن فرنٹ الریاض بشارت کشمیری ، ممبر لبریشن فرنٹ جنرل کونسل گلف زون انجینیئرعامر رشید چشتی، ممبر لبریشن فرنٹ جنرل کونسل گلف زون چوہدری راشد منیر ظہیر کشمیری، ولید عبداللہ نوید بٹ اور دیگرنے شرکت کی۔ مجلس سے لبرشن فرنٹ گلف زون کے قائم مقام صدر سردار سلیم خان آفتاب نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق حیدر لبریشن فرنٹ کا قیمتی سرمایہ تھے۔ ہم ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔لبریشن فرنٹ سینٹرل الریاض کے سابق صدر نوید اجمل نے کہا ڈاکٹر فاروق حیدر کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ انجینیئر عامر رشید چشتی نے کہا کہ قائدین کی جدوجہد ہمارے لئے ایک بہت بڑا سبق ہے۔ دعائیہ مجلس کے بعد لبریشن فرنٹ الریاض اور گلف کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ لبریشن فرنٹ کے آئین اور فرنٹ کے اغراض و مقاصد پر عمل پیرا ہو کر تنظیم تحریک کےلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔