ریاض..... ہندوستانی وزیر پٹرولیم نے واضح کیا ہے کہ سعودی آرامکو ہندوستان کے مغربی ساحل پر آئل ریفائنری میں سرمایہ لگوانے کیلئے ہندوستان کی تین آئل کمپنیوں سے رجوع کرے گی۔ سعودی آرامکو کے سربراہ انجینیئر امین الناصر نے بتایا کہ سعودی اور ہندوستانی کمپنیاں مل جل کر شرح نمو کے نئے زبردست مواقع پیدا کرسکتی ہیں۔ توانائی کے شعبے سے منسلک دونوں ملکوں کی کمپنیاں طویل المیعاد ترقیاتی و اقتصادی اہداف کی تکمیل کیلئے دونوں ملکوں کے تعلقات اور تجارتی رشتوں کے استحکام کا باعث بنیں گی۔ الناصر نے ہندوستان میں توانائی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ویژن 2030 اور نیو انڈیا ویژن دونوں ملکوں کی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے بڑے امکانات سے استفادہ میں تعاون دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے ویژن میں ترقی کی روح کا زور متوازن ، پائیدار اور متنوع اقتصادی ترقی پر ہے۔ الناصر نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد کہا کہ سعودی آرامکو آئل ریفائنری ، مارکیٹنگ اور پٹروکیمیکل سے تعلق رکھنے والے تمام امور میں سرمایہ لگانے کی آرزو مند ہے۔ آرامکو نے گزشتہ 6 برسوں کے دوران ہندوستان سے دو ارب ڈالر کا سامان درآمد کیا۔ آرامکو ہندوستان میں فکری اور افرادی سرمائے کی اہمیت کو اچھی طرح سے سمجھتی ہے۔ ہندوستان کی ترقی میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ دونوں ملکوں میں اقتصادی شراکت کا زریں موقع مہیا ہے ۔ میڈ ان انڈیا ترقی کا ا ہم محرک بنے گا۔ ہندوستان میں تیل کا خرچ 8 فیصد بڑھا ہے ۔ دنیا میں تیل استعمال کرنےو الا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔