نجم نے انشورنس میں رعایت بتانے والی ویب سائٹ قائم کر دی
ریاض.... سعودی عربین مانیٹری اتھارٹی ساما کی ہدایت پر نجم نے گاڑیوں کی انشورنس میں رعایتی استحقاق بتانے والی ویب سائٹ "www.najm.sa"قائم کردی۔ اس سہولت کو "احقیہ" کا عنوان دیا گیا ہے۔ سامانے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوںسے کہا ہے کہ جو لوگ گاڑیوں کی انشورنس کرانا چاہتے ہوں پہلے وہ نجم ویب سائٹ سے رجوع کر کے یہ پتہ لگا لیں کہ وہ انشورنس اسکیم میں کس قدر رعایت کا استحقاق رکھتے ہیں۔ ساما نے یہ انتظام انشورنس کرانے والوں کے حقوق کے تحفظ کی خاطر کیا ہے۔ بعض لوگ گاڑیوں کی انشورنس کرا لیتے ہیں اور انہیں پتہ ہی نہیں ہوتا کہ انہیں انشورنس اسکیم خریدتے وقت رعایت مل سکتی تھی مگر انہوں نے وہ انجانے میں نظر انداز کر دی۔ ساما کے گورنر ڈاکٹر احمد الخلیفی نے بتایا کہ ماضی میں متعدد ہدایات جاری کر کے انشورنس کرانے والوں کو یہ آگہی دی گئی کہ وہ انشورنس اسکیم کی بابت اپنے حقوق دریافت کرنے کا اہتمام کریں۔ ساما نے انشورنس کمپنیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک حادثات سے پاک ریکارڈ رکھنے والے ڈرائیوروں کو 30فیصد تک رعایت فراہم کریں۔ انشورنس کمپنیوں سے کہا گیا کہ وہ ڈرائیوروں کو خود سے مربوط کرنے کیلئے 10فیصد تک ترغیبی رعایت کا اہتمام کریں۔ الخلیفی کا کہنا ہے کہ ساما چاہتی ہے کہ انشورنس کے شعبے میں شفافیت آئے۔ زیادہ سے زیادہ لوگ انشورنس کرائیں۔ قوانین وضوابط کی پابندی کرنے والے ڈرائیوروں کی حوصلہ افزائی ہو ۔ انشورنس کرانے والوں کو حادثات کی صورت میں حقوق دیئے جائیں۔ سامانے گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ وہ "احقیہ"سہولت سے فائدہ اٹھا کر رعایت دریافت کریں اور اگر کوئی انشورنس کمپنی ان کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہو تو ساما کی ویب سائٹ www.sama.gov.saیا ٹول فری 8001256666پر شکایت درج کرا دیں۔