دبئی ٹیسٹ: کھیل جیت گیا، بڑے بول ہار گئے،پاکستان کو وائٹ واش شکست
دبئی: اسد شفیق کی سنچری اور کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچر ی اور طویل مزاحمت بھی پاکستان ٹیم کو تاریخی شکست سے نہ بچا سکی اور سری لنکا نے دبئی ٹیسٹ کے آخری دن پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کرتے ہوئے سیریز0-2سے جیت کر ہند سے شکست کا بدلہ پاکستان پر اتار دیا۔ پاکستان کو فتح کےلئے 317 رنز کا ہدف ملا تھا۔ آخری دن اسے119رنز بناکر سیریز کی شکست سے بچنا تھا لیکن 173 کی شراکت قائم کرنے والے کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق کے آوٹ ہو تے ہی میچ بھی پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا ، آخری 3وکٹیں صرف10رنز کا اضافہ کرسکیں اور پوری ٹیم ڈے /نائٹ ٹیسٹ کے پہلے ہی سیشن میں 248 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور پنک گینددبئی کے میدان میں پاکستان کو راس نہیں آئی۔سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں دلرووان پریرا نے 5 وکٹیں اور رنگاناہیرتھ نے2 وکٹیں لیں ۔ سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے سری لنکن اوپنر دیموتھ کرنا رتنے کو میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔یہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں پہلی شکست ہے ۔پاکستانی ٹیم سیریز ہار کر ٹیسٹ رینکنگ میںبھی تننزلی کا شکار ہوئی اور 7ویں نمبر پر چلی جائے گی۔آخری دن جب کھیل شروع ہوا تو کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق بیٹنگ کےلئے آئے دونوں نے چوتھے دن کے اسکور 198/5 اور انفرادی طور پر بالترتیب 57اور86رنز کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا۔دونوں مجموعی اسکور کو 27 رنز کے اضافے کے بعد 225 تک لے گئے۔اس دوران اسد شفیق اپنی سنچری مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے ۔انہوںنے 152گیندوں پر 100 بنائے۔ سرفراز احمد پریرا کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے پردیپ کو کیچ دے بیٹھے۔سرفراز اور اسد کے درمیان پانچویں وکٹ کےلئے 173 رنز کی شراکت ہوئی۔کپتان68بناکر آوٹ ہوئے۔ یہ دونوں اس وقت کریز پر آئے تھے جب دوسری اننگز میں پاکستان کے 5 کھلاڑی صرف 52 کے مجموعی ا سکور پر پویلین جا چکے تھے۔سرفراز کی جگہ آنے والے محمد عامر4 رنز ہی بنا سکے اور پریرا کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔یاسر شاہ 5رنز بنا کر ہیرتھ کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے ۔ اس کے بعد سری لنکا کو بڑی کامیابی ملی جب اسد شفیق 112 رنز بناکر لکمل کی گیند پر کیچ ہوگئے اور اس کے ساتھ فتح کےلئے پاکستان کی رہی سہی امیدیں دم توڑ گئیں۔ سری لنکا کوکامیابی کےلئے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اورصرف2اوور بعد وہاب ریاض12گیندیں کھیل کر ایک رن بناکر پاکستان کی اننگز سمیٹ دی۔ سری لنکا نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 482 رنز بنائے تھے۔اس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا سکی گئی تھی تاہم فالو آن کے باوجود سری لنکا نے پاکستان کو دوبارہ بیٹنگ کروانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا 96رنز پردوسری اننگزمکمل ہوگئی۔ پاکستان کو فتح کےلئے317رنز کا ہدف ملا جسکا اس کا سری لنکن بولرز نے کامیابی سے دفاع کرکے بڑی فتح سمیٹ لی۔واضح رہے کہ سری لنکن کپتان چندی مل نے ٹیسٹ شروع ہونے سے پہلے ہی اپنے عزائم ظاہر کر دیئے تھے کہ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کریں گے جبکہ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔