ریاض..... سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے واضح کیا ہے کہ ارض الحرمین الشریفین کا دفاع ہر مسلمان پر فرض ہے۔ یہ ارض الوحی، ارض الرسالت اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا وطن نیز اسرا و معراج کے سفر کا مرکز بھی ہے۔ اس کا دفاع اسلامی فریضہ ہے۔ انہوں نے سعودی ٹی وی چینل ون کے معروف پروگرام "فتاوی"کے دوران سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ارض الحرمین کے دفاع میں کوئی بھی کوتاہی انتہائی خطرناک ثابت ہوگی۔ ہمیں اپنے دشمنوں کے عزائم سے باخبر رہنے اور آنکھیں کھلی رکھنے کی ضرورت ہے۔ امت کے دشمن توحید خالص کے عقیدے ، امن و امان کا گہوارہ ہونے او رخداداد نعمتوں سے مالا مال ہونے کے باعث ارض مقدس سے خار کھائے ہوئے ہیں اور اس پر وہ آگ بگولہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت میں امن وامان اور خوشحالی یہ رب کا عطیہ ہے۔ اطراف میں فتنوں، بحرانوں او رہنگاموں کی آگ لگی ہوئی ہے۔ یہ سرزمین ان سب سے محفوظ ہے۔ یہاں کے ہر باشندے پر شکر لازم ہے۔