مکہ مکرمہ..... سعودی عرب کے معروف سرمایہ کار ہشام کعکی نے 2030تک مکہ مکرمہ کو اسلامی اقتصاد و مالیات کے مرکز میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ کعکی نے الوئام ویب سائٹ سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اس اقدام کی بدولت تجارتی و صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کا ماحول اچھا ہوگا۔ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ ایوان صنعت و تجارت پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ اسے سعودی ویژن 2030کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مختلف منصوبے اور فارمولے پیش کرنے چاہئیں۔ اسے سرکاری اور نجی اداروں کے درمیان ربط و ضبط کا اہتمام کرنا چاہئے۔ کعکی مکہ ایوان تجارت کی رکنیت کے امیدوار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مکہ ایوان صنعت و تجارت ، عالم عرب اور مسلم دنیا کے سرمایہ کاروں کے ساتھ تجارتی تعاون کے رشتے جدید خطوط پر استوار کرے۔ مکہ مکرمہ کو اسلامی اقتصاد کا مرکز بنائے۔ مسلم و عرب اور سعودی سرمایہ کاروں کے درمیان رابطے کے پل کا کردار ادا کرے۔ سال بھر کانفرنسوں ، اقتصادی فورموں ، نمائشوں اور تجارتی پروگراموںپر توجہ دے۔ کعکی نے تجویز کیا کہ مکہ مکرمہ میں سالانہ بین الاقوامی اسلامی اقتصادی فورم منعقد کیا جائے۔ کانفرنسوں کی سیاحت کا کلچر رائج کیا جائے۔ حج اور عمرہ موسموں سے اقتصادی اسکیموں او رسرگرمیوں میں فائدہ اٹھایا جائے۔