Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصلے کا اختیار عوام کے پاس ہے ،شاہد خاقان

کراچی...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب بھی آمریت آئی ملک نے ترقی نہیں کی۔کراچی میں پورٹ قاسم پر پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ جمہوریت میں خرابیاں ضرور ہوں گی لیکن یہ ایک عمل کا نام ہے جو چلے گا تو اس میں بہتری آئے گی۔ فیصلے کا اختیار عوام کے پاس ہونا چاہئیے۔ جس حکومت نے کام نہیں کیا عوام نے اسے گھر بھیج دیا اور آئندہ بھی عوام ہی فیصلہ کریں گے۔تمام مسائل جمہوریت سے ہی حل ہوں گے۔امید ہے چیلنجز کے باوجود ملک میں جمہوریت بڑھے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ (ن) لیگ تاریخ کی وہ واحد حکومت ہے جس نے کام شروع کرکے اپنے ہی دور میں مکمل بھی کئے۔ حکومت نے تعطل کا شکار پرانے منصوبے بھی مکمل کئے۔ باتیں کرنے والی اور کام کرنے والی حکومتوں میں یہی فرق ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ 45سال قبل ذوالفقار علی بھٹو نے لواری ٹنل کا افتتاح کیا تھا۔نوازشریف نے28ارب سے اسے مکمل کیا۔موجودہ حکومت نے 4سال میں 10ہزارمیگاواٹ بجلی پیداکی۔ ہزاروں کلومیٹر کے موٹروے شروع ہوئے۔کراچی سے سکھر اور سکھرسے ملتان تک اگلے سال موٹروے مکمل ہوجا ئے گی۔2013 میں گیس کی بھی قلت تھی لیکن آج پاکستان کے ہر صارف کو گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ دسمبر کے بعد صارفین کو گیس کے نئے کنکشن بھی فراہم کیے جائیں گے۔

شیئر: