راجستھان حکومت کااپنے ہی ملازمین کو انتباہ
جے پور۔۔۔۔۔۔۔راجستھان حکومت نےسرکولر جاری کرکے واضح کیا کہ بعض افسران اورملازمین کی طرف سےقواعدو ضوابط پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔پریس اور سوشل میڈیا کے ذریعہ سے دیگر افسران اور ملازمین کے خلاف من گھڑت الزامات جاری کئے جا رہے ہیں ۔ ان کےاس عمل سے دفتر کی شبیہ کونقصان پہنچتا ہے۔سرکولر میں خبر دار کیا گیا ہے کہ تمام افسران اور ملازمین یہ یقینی بنائیں کہ وہ عوامی طور پر کسی شخص ، کسی پارٹی یاکسی تنظیم کے خلاف بے بنیاد، غیر حقیقی، غیر مصدقہ تبصرےکرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرینگے۔راجستھان حکومت کے انتظامی سیکریٹری بھاسکر اے ساونت کی طرف سے یہ سرکولر تمام کمشنروں، ضلع مجسٹریٹوں اور پولس سپریٹنڈنٹوں کو ارسال کئے گئے ہیں۔ اس حکم نامہ کی ایک کاپی گورنر اور وزیر اعلی کو بھی بھیجی گئی ہے۔ سرکولر میں راجستھان سیول سروس اخلاقیات ضوابط 1971 کے اصول 3، 4 اور 11 کا حوالہ دیا گیا ہے۔