جب روسی ایئر لائن نے فربہ ایئر ہوسٹس کی تنخواہیں کم کرنا چاہیں
اتوار 15 اکتوبر 2017 3:00
روس کی قومی ایئر لائن ائیرو فلوٹ نے ایئر ہوسٹس کو دیدہ زیب اور متاثر کن انداز میں پیش کرنے کے لئے نئے اور خوبصورت لباس بنوانے کا فیصلہ کیا تاہم اس وقت یہ فیصلہ تنازع کا شکار ہوگیا جب انتظامیہ نے فربہ اور موٹے لوگوں کی تنخواہیں وزن کم کرنے سے مشروط کردیں۔ وزن کم نہ ہونے کی صورت میں ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ۔
انتظامیہ کی اس پالیسی پر احتجاج کرتے ہوئے ایک خاتون اسٹیورڈ ایونجنا نے عدالت جانے کا فیصلہ کیا۔ایونجنا کا کہنا تھا کہ ائیرو فلوٹ کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا کہ ترقی کا دارو مداراسٹیورڈ کی جسامت پر ہوگا۔ یہ فیصلہ بہت ہی احمقانہ اور صدمہ پہنچانے والا تھا۔ایونجنا کا کہنا تھا کہ اسٹیورڈ کا کام کسی ہنگامی صورتحال میں مسافروں کی جان بچانا ہوتا ہے ۔ اس کام کو کسی کی خوبصورتی یا اس کی جسامت سے کیسے منسلک کیا جا سکتا ہے۔یہ تو ایسا ہی ہے جیسے آپ کسی ڈاکٹر کو اپنی بیماری کا علاج کرنے کے لیے اس لیے منتخب کریں کہ وہ خوبصورت ہے یا کسی جج کی قابلیت کی جانچ اس کے لباس کے سائز سے کی جائے۔ یہ ایک بہت ہی احمقانہ بات ہے۔
عدالت میں کیس دائر ہونے کے بعد ایئرو فلوٹ کے وکیل نے دلیل پیش کی کہ بھاری جسامت اور فربہ عملے کے افراد کی وجہ سے اتنظامیہ کو طیارے میں اضافی ایندھن بھروانا پڑتا ہے تاہم وکیل صفائی کی یہ دلیل کسی کام نہ آئی، عدالت نے فیصلے کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کردیا اور ایئر لائن انتظامیہ کو ملازمین کو ان کی جائز تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دے دیا۔