زمبابوے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا
ہرارے : زمبابوے آئندہ برس مارچ میں 2019ءمیں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے سلسلے میں کوالیفائر ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈین ٹیم بھی اس ٹورنامنٹ میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔کالی آندھی کے نام سے مشہور ویسٹ انڈین ٹیم میگا ایونٹ میں براہ راست رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کالی آندھی کوالیفائر ایونٹ میں زمبابوے، افغانستان اور آئرلینڈ کے علاوہ آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ چیمپیئن شپ کی ٹاپ فور جبکہ آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو سے ٹاپ دو ٹیموں کو جوائن کرے گی۔ ابتدائی طور پر کوالیفائر ایونٹ کی میزبانی بنگلہ دیش نے کرنی تھی تاہم اس کے براہ راست ورلڈ کپ میں پہنچنے کے بعد اب زمبابوے اس کی میزبانی کرے گا۔