Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمسی توانائی سے چلنے والی کار،بجلی بھی فروخت کرسکے گی

ایڈیلیڈ.... آج کے دور میں جب مواصلات کا شعبہ بیحد ترقی کررہا ہے اور دنیا بیٹریوں کے اخراجات اور پیٹرول کی مہنگائی دونوں سے پریشان ہے۔ لوگوں کو متبادل حل شمسی توانائی کی صورت میں ملا ہے۔ دنیا کی مختلف آٹو موبائل کمپنیوں نے اب تک کئی ایسی گاڑیاں تیار کی ہیں جو شمسی توانائی سے چل سکتی ہیں۔ مگر اسٹیلا وائی کے نام سے جو فیملی کار سامنے آئی ہے وہ ان سب میں نمایاں اور الگ ہے کیونکہ اس میں سولر پینل کچھ اس طرح سے لگے ہیں کہ انکے ذریعے پیدا ہونے والی بجلی نہ صرف گاڑی کو چلانے کیلئے کافی ہے بلکہ اس سے پیدا ہونے والی بہت سی بجلی فاضل بھی رہ جائے گی جسے گاڑی کا مالک کسی بھی گرڈ اسٹیشن کو فروخت کرسکے گا۔ تفصیلات کے مطابق دھوپ نکلی ہو تو یہ کار 69میل فی گھنٹے کی رفتار سے ہزار کلو میٹر تک چل سکتی ہے، اسکے اندر چارجنگ اور ڈس چارجنگ دونوں سسٹم نصب ہیں۔ چارجنگ سسٹم کے طفیل یہ پینل بجلی پیدا کرتے ہیں اور جب انہیں فروخت کی ضرورت ہو یا کسی کو دینے کی ضرورت پیش آئے تو ڈس چارجنگ پینل سے کام لیاجاتا ہے۔ واضح ہو کہ شمسی توانائی سے چلنے والی کارو ںکا پہلا مقابلہ 1987ءمیں دیکھنے میں آیا تھا اور اب ایسا ہی مقابلہ ایک ہفتے قبل ڈارون میں منعقد ہوا جس میں 41گاڑیو ںنے حصہ لیا اور مجموعی طور پر 3ہزار کلو میٹر کا سفر کیا۔ مقابلے میں شامل نائن نامی کار جو ہالینڈ میں بنی ہے تیسری بار بہترین کار کا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اس نے یہ مقابلہ 81.2کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل کر سب سے پہلے کراسنگ لائن تک پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا جس کے بعداسے کامیاب قرار دیا گیا مگر سب سے اچھی کار اسٹیلا وائی ثابت ہوئی جو چھوٹی سی فیملی کار ہے مگر یہ واحد کار ہے جس میں پیدا ہونے والی شمسی توانائی فروخت بھی ہوسکے گی۔

شیئر: