سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے کافی ہاؤسز اور ریستوران کو پابند کیا ہے کہ مینو میں گرم مشروبات میں شامل کیفین کے تناسب کو واضح انداز میں بیان کریں۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کو صحت مندانہ غذا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ریستوران اور کافی شاپس کے لیے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر عمل کرنا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں
جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مینو میں کیفین کی مقدار اور تناسب درج کرنے کے ضوابط پر جولائی 2025 سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کافی ہاؤسز اور ریستوران اس بات کی پابند ہوں گے کہ وہ اپنے ڈیجیٹل یا روایتی مینو میں فراہم کی جانے والی مختلف اقسام کی کافی میں موجود کیفین کی مقدار ہر کپ یا 100 ملی گرام کے حساب سے درج کی جائے۔ مینو میں واضح طور پر درج کیا جائے کہ ایک کپ یا 100 ملی گرام میں کتنی کیفین ہے علاوہ ازیں انتباہی نوٹ میں یہ بھی واضح کیا جائے کہ ایک صحت مند آدمی کے لیے دن میں 400 ملی گرام سے زیادہ کیفین کا استعمال مناسب نہیں ۔
فوڈ اتھارٹی نے اپنی ویب سائٹ پر کیفین کے تناسب کا تعین کرنے کے لیے خصوصی کیلکولیٹرکی سہولت بھی مہیا کی ہے جس کے ذریعے کوئی بھی شخص باآسانی کافی کے ایک کپ میں پائی جانے والی کیفین کا تناسب معلوم کرسکتا ہے۔