اسنوکر میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب
کراچی:پاکستان کیلئے اسنوکر کے مقابلوںمیں مختلف میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران کھلاڑیوں میں9 لاکھ روپے سے زائد کی انعامی رقوم تقسیم کی گئی۔پی بی ایس اے کے صدر منور شیخ نے بتایا کہ ایسوسی ایشن نے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوںکیلئے پالیسی ترتیب دی ہے جس کے تحت مختلف ایونٹس میں میڈلز جیتنے پر پچاس ہزار سے دو لاکھ تک کے درمیان کی رقم کھلاڑیوں کو تقسیم کی جائے گی۔منور شیخ کا کہنا تھا کہ یہ پی بی ایس اے کا اپنا قدم ہے اور اسکی خواہش ہے حکومت پاکستان بھی اس طرح کے اقدامات کرے تاکہ کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جاسکے۔تقریب میں ورلڈ جونیئر چیمپیئن شپ جیتنے والے محمد نسیم اختر کو2 لاکھ روپے دیئے گئے۔ورلڈ ٹیم چیمپیئن شپ جیتنے والے بابر مسیح اور محمد آصف کو ایک ، ایک لاکھ روپے ملے۔ مختلف میڈلز جیتنے والے محمد سجاد کو مجموعی طور پر 2لاکھ25 ہزار روپے ملے۔اسجد اقبال اور محمد بلال کو بھی مختلف ایونٹس میں میڈلز جیتنے پر انعامات دیئے گئے۔کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پی بی ایس اے کی جانب سے انعامات ملنا خوش آئند ہے۔ ایسوسی ایشن کم وسائل کے باوجود پلیئرز کیلئے اقدامات کررہی ہے ، اب حکومت کو بھی اسنوکر پلیئرز کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔