پی ایس ایل 3: چار میچزکراچی میں کرانے کا فیصلہ
کراچی:پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے دوران4 میچز کراچی میں کرانے کا باضابطہ فیصلہ ہوگیا ۔ 3 میچز لاہور میں ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے بدھ کو کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ فیصلہ ہوا کہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے دوران فروری میں لیگ کے4میچزکراچی میں بھی ہوں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی جائے، کراچی پرامن شہر ہے اور کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ دیکھیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کو بحال کرنے کے لئے کام کررہے ہیں ۔مراد علی شاہ نے نجم سیٹھی کوسیکیورٹی کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مکمل سیکیورٹی فراہم کررہے ہیں اورجوسیکیورٹی کے معیارآپ کے ہیں سندھ حکومت اس قسم کی سیکیورٹی فراہم کرے گی اور ضرورت پڑی تو وہ خود ایئرپورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم تک ٹیموں کے ساتھ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ ہاوس کے ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ فروری 2018 ءمیں پی ایس ایل کے 4 میچزکراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور اسی حوالے سے وزیراعلیٰ نے پی سی بی کے سیکیورٹی انچارج اورآئی جی سندھ کی ملاقات طے کر ادی ۔ سیکیورٹی انچارج کرنل اعظم کی آئی جی پولیس سے ملاقات کرکے ٹیموںکی سیکیورٹی اور اس حوالے سے دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بھی انٹرنیشنل مقابلوں کے خواہاں ہیں۔ غیرملکی سیکیورٹی ماہرین کوکراچی لانا ہے اور سیکیورٹی کےساتھ اسٹیڈیم کے معاملات بھی دیکھنے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ وجوہ کے باعث کراچی میں میچ کرانا ممکن نہیں تھا،سب جانتے ہیں کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی حالت اس وقت بین الاقوامی کرکٹ کے معیار کے مطابق نہیں لیکن اس کو ٹھیک کرانے کاوقت آگیا ہے۔ یہاں میچز منعقد کرانے کے لئے 3 سے 4 مہینے لگ سکتے ہیں ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی بحالی کا کام مرحلہ وار کرایا جائےگا اس کے لئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے ہیں۔ پہلے پی ایس ایل کے میچز کرائیں گے پھر انٹرنیشنل ٹیموں کو بھی لائیں گے۔ سندھ حکومت آئی سی سی کی ٹیم کو سیکیورٹی پلان سے آگاہ کرے گی۔ کراچی میں میچز کرانے کےلئے شہر کی سیکیورٹی کو بہتر بنایا جائے گا ۔ پی سی بی سیکیورٹی چیف، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کا سیکیورٹی وفد کراچی کا دورہ کرے گا جس کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی بین الاقوامی کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشنز کھلاڑیوں کو پاکستان جانے کی اجازت دیں گے۔ ایک سوا ل پر نجم سیٹھی نے کہا کہ اب ہند کو پاکستان کے ساتھ ون ڈے لیگ اور ٹیسٹ میچ چیمپیئن شپ کے دوران کھیلنا ہی پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہند ہمارے ساتھ نہیں کھیلے گا تو لیگ کے دوران اسے نقصان ہوگا اور اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے۔