Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ نہیں ٹوٹے گی، سعد رفیق

اسلام آباد ... وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شیخ رشید اور ریاض پیرزادہ کی خواہش پر (ن) لیگ نہیں ٹوٹے گی۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ اس بات کا ثبوت 2018 ءکے انتخابات میں مل جائے گا کہ کون کتنے پانی میں ہے۔ شور شرابا فیصلے اور سازشیں سچ نہیں چھپا سکتیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاض پیرزادہ جیسے لوگ اپنے مفاد کیلئے سیاسی جماعتوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہیں مگر مسلم لیگ (ن) میں پارٹی قیادت کی جگہ خالی نہیں۔ پوری پارٹی نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ دریں اثناءایک اور بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کو احتسابی جال میں جکڑ کر سیاست سے بے دخل کرنے کی سازش خوفناک اقدام ہے ۔طاقتور دشمنوں میں گھرا پاکستان اندرونی خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ باہمی محاذ آرائی کی بجائے مل کر آگے بڑھنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نوازشریف دشمنی میں ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ نوازشریف پر کرپشن یا اختیارات سے تجاوز کا کو ئی مقدمہ ہے اور نہ ثبوت ہیں ،پھر بھی نااہل کر دیا گیا۔نوازشریف کو سزا دینے کے لئے نت نئی تاویلیں گھڑی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبول عوامی رہنماﺅں کی تذلیل اور سزاﺅںسے ماضی میں بھی پاکستان کا نقصان ہوا ۔آئین شکنی کرنے اور اسے قانونی تحفظ دینے والوں کو محفوظ راستے دیئے گئے ۔ انہوںنے کہا کہ طاقتور دشمنوں میں گھرا پاکستان اندرونی خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔باہمی محاذ آرائی کی بجائے مل کر آگے بڑھنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔ایک دوسرے کی تضحیک کرنے اور انتقام لینے کی بجائے معاف کرکے بھول جانا ہی میں عافیت ہے۔

شیئر: