آندھرا میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے نائیڈو کی امریکہ میں سرگرمیاں
حیدرآباد..... آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرا بابو نائیڈوجو 3ممالک کے دورے میں مصروف ہیں اپنا 3روزہ دورہ امریکہ مکمل کرلیا۔ دورے کے آخری دن نیویارک میں انہوں نے مختلف اہم شخصیات اور سرکردہ تاجروں سے ملاقات کی اور ریاست میں سرمایہ کاری کے ساتھ کمپنیوں کے یونٹس کے قیام کی ترغیب دی۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے اپنے دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نئے آندھرا پردیش کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع کے نشانے کے ساتھ 3ممالک کا دورہ کررہے ہیں۔شکاگو میں ہندوستانیوں کی جانب سے چلائی جانے والی 70کمپنیوں نے ریاست میں اپنے یونٹ کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔امریکہ کے بعد آج وہ دبئی کا دورہ کرینگے۔