Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ہند کو شکست دیدی

 
ممبئی:نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم ہند کو شکست دینے کے ساتھ ممبئی کے وینکھڈے اسٹیڈیم میں ہدف کے حصول کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا ۔ ہند نے پہلے کھیلتے ہوئے کپتان ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو281رنز کا ہدف دیا تھا ۔ مہمان ٹیم کو کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ ٹام لیتھم اور سابق کپتان روس ٹیلرکے درمیان چوتھی وکٹ کی ریکارڈ شراکت میں بننے والے200رنز نے نہ صرف ٹیم کو مشکل سے نکالا بلکہ فتح کے قریب بھی پہنچا دیا ۔ روس ٹیلر صرف5رنز کی کمی سے ہند میں اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل نہ کرسکے۔اس وقت وکٹ گنوابیٹھے جب وہ95رنز پر بیٹنگ کررہے تھے جبکہ اسکور برابر ہو چکا تھا۔ ٹام لیتھم نے 103 اور نکولس ہنری نے4رنز اسکور کئے اور ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچادیا۔ ٹام لیتھم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل ازیں ہند نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویرات کوہلی کا یہ فیصلہ زیادہ موثر ثابت نہیں ہوا اور ہندوستانی بیٹسمین کیوی بولرز اور خاص طور پر ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساوتھی کا کامیابی سے سامنا نہیں کرسکے۔کوہلی کے سوا کوئی اور بیٹسمین نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پایا۔ کوہلی نے جو کیریئر کا 200واں میچ کھیل رہے تھے ، شاندار سنچری اسکور کرکے 125گیندوں پر2چھکوں اور9چوکوں کی مدد سے121رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔دنیش کارتک نے37،بھونیشور کمار26اور دھونی25رنز بنا سکے۔ ٹرینٹ بولٹ نے4اورٹم ساوتھی نے3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور ہندوستانی ٹیم8وکٹوں کے نقصان پر280رنز بنا سکی۔ جوابی بیٹنگ میں نیوزی لینڈ کی3وکٹیں80کے مجموعی اسکور پر گر چکی تھیں تاہم اس مرحلے پرصورتحال کو سنبھالا اور تمام اندازے غلط ثابت کرتے ہوئے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا ۔ اس دوران لیتھم اپنی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے تاہم ٹیلر اس وقت آوٹ ہو گئے جب انہیں سنچری کے لئے5اور ٹیم کو فتح کے لئے ایک رنز کی ضرورت تھی۔ انہوں نے چھکا لگانے کی کوشش کی تاہم کامیاب نہ ہوسکے اور کیچ ہو گئے۔ لیتھم اور ٹیلر کے درمیان 200رنز کی شراکت ہند میں کسی ون ڈے میچ کے دوران کیوی بیٹسمینوں کی سب سے بڑی شراکت بھی ثابت ہوئی۔ ان کے بعد آنے والے ہینری نکولس نے چوکا لگا میچ کر کامیابی سے اختتام کردیا۔ ہند کے جانب سے بھونیشور کمار، کلدیپ یادو، ہردک پانڈیا اور جسپریت بمرا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

شیئر: