نیب ریفرنسز،نواز شریف کی درخواست پر نوٹس
اسلام آباد...سابق وزیراعظم نوازشریف نے نیب ریفرنسز پر احتساب عدالت کی فرد جر م چیلنج کردی۔ احتساب عدالت فلیگ شپ انویسٹمنٹ، العزیزیہ اسٹیل مل اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنسزمیں ان کی غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کرچکی ہے۔ نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 درخواستیں دائرکی ہیں جس میں احتساب عدالت کے 19 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کے حکم نامے کو چیلنج کیا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ احتساب عدالت کوتینوں ریفرنسز یکجا کرکے ایک فرد جرم کا حکم دیا جائے۔ احتساب عدالت میں ایک الزام پرایک ہی ٹرائل کیا جائے۔ فرد جرم عائد کرنے کا 19 اکتوبر کاحکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیا۔ چارج شیٹ کی مصدقہ نقل بھی طلب کرلی گئی ۔ درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 ر کنی بنچ نے کی۔عدالت نے کیس کی مختصر سماعت کے بعد وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔