اپوزیشن کے یوم سیاہ کے جواب میں بی جے پی جشن منائیگی
جمعرات 26 اکتوبر 2017 3:00
نئی دہلی… وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال 8 نومبر کو ایک ہزار اور 500 کے نوٹ بند کئے تھے جس کا ایک سال مکمل ہونیوالا ہے۔ جہاں ایک طرف اپوزیشن نے نوٹ بندش کی سالگرہ یوم سیاہ منانے کا ا علان کیا ہے وہاں اس کے جواب میں حکمراں جماعت بی جے پی نے 8 نومبر کو وسیع پیمانے پر جشن منانے کا پروگرام پیش کردیا ہے۔ بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 8 نومبر کو کالے دھن کیخلاف یوم منائیگی۔ بدھ کو مرکزی وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے اس سلسلے میں پریس کو بتایا کہ یوم نوٹ بندش پر جشن کے ذریعے بی جے پی کالے دھن کیخلاف اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کی تفصیلات لوگوں تک پہنچائیگی۔ جیٹلی نے پریس میں کانگریس پر بھی تھیکے حملے کئے۔ جیٹلی نے کہا کہ جب سے مرکز کی بی جے پی کی سرکار بنی ہے تب سے اب تک حکومت نے کالے دھن کیخلاف مسلسل کا رروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالے دھن کیخلاف ایس آئی ٹی کی تشکیل حکومت بننے کے فوراً بعد کی گئی تھی۔ جیٹلی نے کہا کہ کالے دھن کیخلاف کارروائی کیلئے حکومت نے کئی قانون بدلے اور غیر ممالک میں جمع کالے دھن کو واپس لانے کیلئے متعدد ملکوں کے ساتھ سمجھوتے بھی کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کالے دھن کے نظام کو پوری طرح ختم کرنا ہے۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کے پاس اقتدار میں رہنے کے کافی مواقع تھے ۔مجھے یاد نہیں آتا کے اسکے لیڈروں نے کالے دھن کیخلاف ایک بھی قدم اٹھایا ہو۔ جیٹلی نے ایک بار پھر نوٹ بندش سے ہوئے فائدوں کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے کالے دھن پر قدغن لگا ہی ہے ساتھ ہی دہشتگردی پر بھی لگام کسی جاچکی ہے۔ جیٹلی نے کہا کہ نوٹ بندش اپنے مقصد میں پوری طرح کامیاب رہی ہے اور اب جی ایس ٹی کی وساطت سے ایک نیا مرحلہ شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی اس کامیابی پر ملک بھر میں جشن منا ئیگی جس میں پارٹی کے سینیئر لیڈر ، مرکزی وزراء، ریاستی وزراء اور اہم کارکن حصہ لے کر اپنے اپنے علاقوں میں پروگرام منعقد کریں گے۔