ہیٹ ٹرک ماں باپ اور دوستوں کی دعاوں کا نتیجہ ہے، فہیم اشرف
ابو ظبی:پاکستانی ٹیم کے نوجوان آل راونڈر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ ہیٹ ٹرک کا کارنامہ ماں باپ اور دوستوں کی دعاوں کا نتیجہ ہے۔ لاہور کے نزدیکی علاقے پھول نگر سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر فہیم اشرف نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کی جو کسی پاکستانی بولر کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔ پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف فہیم اشرف کی ہیٹ ٹرک کسی بھی فارمیٹ میں 15سال بعد ہونے والی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے چھٹے بولر بھی بن گئے ہیں۔ فہیم اشرف کا کہنا تھا جب یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں لیں تو کپتان سرفراز اور شاداب خان نے کافی حوصلہ بڑھایا اور اسی وجہ سے زیادہ اعتماد سے گیند کی جس کے نتیجے میں تیسری وکٹ بھی ملی اور ہیٹ ٹرک بھی مکمل ہو گئی۔انہوں نے اپنی بیٹنگ کے حوالے سے بتایا کہ زور دار شاٹس کھیلنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا تاہم شاداب خان نے عقلمندی سے بیٹنگ کی اور آخری اوور میں شاندار چھکا لگا کرفتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔فہیم اشرف نے کہا کہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہوں، جیسا جوش و خروش لاہور میں ہوتا ہے ایسا یہاں ممکن نہیں۔