ویمنزکرکٹ پاکستانی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست
شارجہ: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ون ڈے چیمپیئن شپ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ویمنز کرکٹ ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 رنز سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ شارجہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات سوفی ڈیوائن کی سنچری تھی جنہوں نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان سوزی بیٹس 36 اور آمیلا کیر 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں۔پاکستان کی جانب سے ثنا ء میر نے 3 جبکہ سعدیہ یوسف اور جویریہ خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم مطلوبہ ہدف241رنز تک قریب ترین آکر پوری ٹیم 49 ویں اوور کی تیسری گیند پر 232 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔جویریہ خان اور ناہیدہ خان نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو فتح دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم بالترتیب 55 اور 51 رنز کی اننگز کھیلنے والی دونوں کھلاڑی انتہائی کوشش کے باوجود کامیاب نہ ہو سکیں۔پاکستان نے ایک موقع پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنالئے تھے اور فتح قریب نظر ٓرہی تھی لیکن اس موقع پر محض 15 رنز کے فرق سے قومی ٹیم بقیہ 5 وکٹیں صرف 8رنز قبل گنوا بیٹھی۔دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بسمعہ معروف نے 41، سدرہ امین نے 33 اور ارم جاوید نے 19 بنائے جبکہ آمیلا کیر نے مسلسل 2گیندوں پر پاکستان کی آخری 2 وکٹیں گرا کر نیوزی لینڈ کو فتح دلادی ۔سوفی ڈیوائن کو شاندار سنچری بنانے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔