Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت نے امریکہ میں دہشتگردی کی مذمت کردی

ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نیویارک میں گاڑی کے ذریعے دہشتگردی کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ اور واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے امریکی صدر کے نام تعزیتی پیغام میں واضح کیا کہ نیویارک شہر میں گاڑی سے بے قصور افراد کو کچلنے کے واقعہ کی اطلاع سے ہمیں شدید دکھ ہوا۔ ہم اس دہشتگردی کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے دوست امریکی عوام، ہلاک ہونے والوں کے اعزہ اور آپ سے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ شاہ سلمان نے واضح کیا کہ سعودی عرب ہر طرح کی دہشتگردی کی مخالفت کے اپنے غیر متزلزل موقف پر قائم ہے۔ دہشتگردی سے نمٹنے اور اسکی بیخ کنی کیلئے عالمی مساعی کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔ ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی نیویارک میں دہشتگردی کے واقعہ پر امریکی صدر کے نام پیغام میں اظہار تعزیت کیا اور دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کی۔اس سے قبل سعودی دفتر خارجہ نے اعلامیہ جاری کرکے نیویارک میں دہشتگردی کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی اور واضح کیا تھا کہ سعودی عرب ہر طرح کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف دوست ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔
 

شیئر: