تقاریر اردو اور انگریزی میں ہونگی،تمثیلی مشاعرہ بھی منعقد ہوگا، شیخ ابراہیم
جدہ ( امین انصاری ) اردو اکیڈمی جدہ ہر سال کی طرح امسال بھی اپنا 17 واں جلسہ یوم قومی تعلیم عنقریب جدہ میں منعقد کررہی ہے ۔ اس سلسلے میں جدہ کے بین المدارس کے طلباء و طالبات میں تقریری مقابلوں کا انعقاد جمعہ3 اور ہفتہ 4 نومبر کو جدہ میں اردو اکیڈمی کے کارگزار صدر شیخ ابراہیم کی نگرانی میں منعقد ہوگا ۔ یہ مقابلے بزبان اردو و انگریزی ہونگے ۔جمعہ کو سہ پہر 4 بجے سے رات 8 بجے تک طالبات کے تقریری مقابلے ہونگے جس میں کوالیفائنگ رائونڈ اور کوارٹر و سیمی فائنل راؤنڈ ہونگے ۔ اسی طرح ہفتہ کو 4 بجے سے رات 8 بجے تک طلباء میں اسی ترتیب سے مقابلے ہونگے جو طلبا و طالبات سیمی فائنل میں کامیاب ہوجائیں گے ان کا فائنل مقابلہ اکیڈمی کے مرکزی جلسہ یوم قومی تعلیم میں ہوگا ۔ جس میں اہالیان جدہ کی کثیر تعداد موجود ہوگی اور اس جلسے کے مہمان خصوصی قونصل جنرل ہند محمد نور رحمان شیخ ہونگے ۔ جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی نے بتایا کہ کامیاب طلبا وطالبات میں توصیفی سند کے ساتھ ساتھ شیلڈ مہمان خصوصی کے ہاتھوں دی جائے گی ۔اردو کا تمثیلی مشاعرہ بھی مرکزی جلسے میں پیش کیا جائے گا جو بھی طالب علم یا طالبہ کسی بھی شاعر کی بہترین تمثیل پیش کرینگے انہیں انعام سے نوازا جائے گا ۔ جلسہ میں شرکت بذریعہ دعوت نامہ ہوگی ۔سلیم فاروقی نے تمام اولیاء طلباء اور مقابلوں میں شرکت کرنے والے طلبا و طالبات سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کریں بصورت دیگر وہ مقابلوں سے خارج بھی ہوسکتے ہیں ۔