حسن علی اور عثمان شنواری کو خطرہ نہیں مانتا، محمدعامر
لاہور:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامرنے کہا ہے کہ انہیں ٹیم میں حسن علی اور عثمان شنواری کی موجودگی اور اچھی کارکردگی سے کوئی خوف نہیں اور وہ صرف اپنی بولنگ پر توجہ دیتے ہیں تاکہ ٹیم کے لئے کچھ کر دکھائیں۔لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں ہونے والے اسپورٹس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساتھی بولرز کی اچھی بولنگ سب کے لئے خوشی کا باعث ہو تی ہے اور حقیقت یہ ہے کہ اس سے مزید بہتر کاکردگی کے لئے تحریک ملتی ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر حسن علی اور عثمان شنواری اچھی بولنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں تو مجھے اس سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوتا بلکہ ا طمینان ملتاہے کہ مجھ پر بوجھ کم ہو رہا ہے ۔ ٹیم کی کامیابی ہماری اصل ترجیح ہو تی ہے اور جب ایک بولر اچھی بولنگ کرتے ہوئے وکٹیںحاصل کررہا ہو تو اس سے ساتھی بولرز کا کام آسان ہو جاتا ہے اور مخالف ٹیم پر پڑنے والا دباﺅ ان کے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے اور وہ بھی وکٹیں نکالنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔ محمد عامر نے کہا کہ اگر اعداد وشمار کا جائزہ لیا جائے تو بہت کم میچ ایسے ہیں جن میں تمام وکٹیں کسی ایک بولر کے حصے میں آئی ہوں عام طور پرایسا ہوتا ہے کہ اچھی بولنگ کی وجہ ایک بولر نسبتاً زیادہ وکٹیں لے تو بقیہ وکٹیں اس کے ساتھی بولر یا بولرز کے حصے میں آجاتی ہیں یوں یہ ٹیم ورک بن جاتا ہے ۔ محمد عامر نے کہا میںٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ساتھی کھلاڑیوں اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اس اعزاز میں ہم سب حصے دار ہیں۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کے ساتھ عوام کی جانب سے حمایت اور حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہم رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے میں کامیاب ہوئے۔ کوشش ہوگی کہ اس اعزاز کو برقرار رکھا جائے۔ انجریز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ مسلسل 2سال کرکٹ کھیلی ہے اور ایسی صورتحال میں انجریز کا خطرہ رہتا ہے ویسے بھی یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے۔ انہوں نے طلباءو طالبات سے کہا کہ وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ اسکول ، کالج اور یونیورسٹی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بے حد ضروری ہیںاسی سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔